یورپی یونین کا پاکستان اور ایران کیلئے 2 کروڑ 20 لاکھ یورو امداد کا اعلان

یورپی یونین کا پاکستان اور ایران کیلئے 2 کروڑ 20 لاکھ یورو امداد کا اعلان
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: یورپی یونین نے ایران اور پاکستان میں کوویڈ 19، موسمیاتی تبدیلی اور دیگر قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کیلئے 2 کروڑ 20 لاکھ یورو امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق برسلز میں یورپی یونین کے صدر دفاتر سے کئے گئے اعلان کے مطابق امدادی پیکیج میں 70 لاکھ یورو پاکستان میں فلاحی اداروں کو فراہم کئے جائیں گے جو بشمول افغان مہاجرین اور میزبان کمیونٹیز کیلئے کام کررہی ہیں اور یہ امداد تنازعات، نقل مکانی، کوویڈ19، غذائی قلت اور قدرتی آفات سے متاثرہ پاکستانی اور افغانیوں کیلئے ہوگی۔
پاکستان دنیا کے ان ممالک کی فہرست میں شامل ہے جو سیلاب، خشک سالی، ہیٹ ویوز اور زلزلے جیسی متعدد آفات کا سامنا کرتا ہے جبکہ سیلاب اور خشک سالی متعدد مرتبہ سندھ اور بلوچستان کے صوبے متاثر کر چکی ہے، یورپی یونین کی جانب سے اعلان کردہ کل فنڈز کا تقریباً 60 فیصد صحت سے متعلق ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مختص کیا گیا ہے۔ 
رپورٹ کے مطابق ایک کروڑ 50 لاکھ یورو کی گرانٹ ایران میں کام کرنے والی انسانی حقوق کی تنظیموں کو فراہم کی جائے گی تاکہ وہ ملک میں سب سے زیادہ متاثرہ ایرانیوں اور افغان باشندوں کی مدد کریں جبکہ فنڈز کا ایک حصہ کورونا وائرس سے متعلق طبی شعبہ میں ضرورت آلات کیلئے خرچ کیا جائے گا۔
یورپی یونین کے کمشنر برائے کرائسس مینجمنٹ جینز لیناراسک نے کہا کہ ایران اور پاکستان دونوں ایک مرتبہ پھر ممکنہ طور پر قدرتی خطرات کا سامنا کریں گے، کورونا وائرس کی وجہ سے دونوں ممالک کے حالات سازگار نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان دنیا بھر میں افغان مہاجرین کے اصل میزبان ممالک بھی ہیں اور یورپی یونین اس نازک وقت پر دونوں ممالک میں انسان دوست تنظیموں کی مدد کر رہی ہے۔ 
یورپی امداد کا مقصد کوویڈ 19، قدرتی آفات، قحط سالی اور سیلاب کے باعث سب سے زیادہ متاثرہ پاکستانیوں اور افغانیوں کیلئے مقابلہ کرنے کی صلاحیت اور استعداد کار کو بہتر بنانا ہے۔