ملک بھر میں 39 لاکھ 42 ہزار 291 افراد کی کورونا ویکسی نیشن مکمل ہو گئی

ملک بھر میں 39 لاکھ 42 ہزار 291 افراد کی کورونا ویکسی نیشن مکمل ہو گئی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کہا ہے کہ ملک میں اب تک 39 لاکھ 42 ہزار 291 افراد کی کورونا وائرس کی مکمل ویکسی نیشن کی جا چکی ہے جبکہ ڈیڑھ کروڑ سے زائد افراد کی جزوی ویکسی نیشن ہو چکی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے کورونا وائرس کی ویکسی نیشن کے حوالے سے جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1 لاکھ 4 ہزار 581 افراد کی مکمل ویکسی نیشن کی گئی جبکہ 3 لاکھ 41 ہزار 697 افراد کی جزوی ویکسی نیشن کی گئی اور یوں ملک میں اب تک 1 کروڑ 59 لاکھ 41 ہزار 609 افراد کی جزوی ویکسی نیشن ہو چکی ہے۔
این سی او سی کے مطابق پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کل 4 لاکھ 46 ہزار 278 افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین دی گئی جبکہ اب تک کل 1 کروڑ 98 لاکھ 83 ہزار 900 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 30 ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے جبکہ ملک میں کورونا کے کیسز میں ایک بار پھر اضافہ جاری ہے جس کے باعث این سی او سی نے عیدالاضحی کے موقع پر سمارٹ لاک ڈاؤن کا عندیہ بھی دید یا ہے۔ 
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 1 ہزار 590 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ مزید 21 افراد اس موذی وباءکے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، 732 کورونا مریض شفایاب ہو گئے جبکہ مثبت کیسز کی شرح 3.63 فیصد ہو گئی ہے۔