آزاد کشمیر کے عوام نے پی ٹی آئی کے حق میں اپنا فیصلہ سنا دیا: مراد سعید

Azad Kashmir elections, PPP, PML-N, PTI, Murad Saeed

فارورڈ کہوٹہ: وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا حال بھی گلگت بلتستان جیسا ہے پہلے انہوں نے بڑھکیں ماریں ، جب انہیں اپنی ہار نظر آنے لگی تو دھاندلی کا شور مچانے لگے ہیں ، آزاد کشمیر کے عوام نے پی ٹی آئی کے حق میں اپنا فیصلہ سنا دیا ہے ۔

عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ نواز شریف لندن گئے ، آزاد کشمیر کا الیکشن بھی آگیا مگر وہ واپس نہ آئے ۔ وفاقی وزیر نے سوال کیا کہ کیا 4،3 باریاں لینے کے باوجود انہوں نے آزاد کشمیر کے عوام کو سہولتیں فراہم کیں ؟ کیا انہوں نے عوام کو صحت کی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے کوئی ہسپتال بنائے ؟ انہوں نے عوام کو تعلیم ، روزگار بھی فراہم نہیں کیا لیکن دعوے بہت بلند کئے ۔

مسلم لیگ (ن) والے اپنی حکومت کے باوجود چیخ کر کہہ رہے ہیں دھاندلی ہو رہی ہے ۔ وزیراعظم آزاد کشمیر مسلم لیگ (ن) کا ہے ، بتائیں پھر دھاندلی کیسے ہوسکتی ہے ۔

بلاول بھٹو کو جب آزاد کشمیر میں اپنی شکست نظر آئی تو وہ یہاں سے بھاگ کر امریکا چلا گیا ۔

مراد سعید نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے عوام کیلئے کچھ نہ کیا بلکہ انہیں دونوں ہاتھوں سے لوٹا ، انہیں کہنا چاہتا ہوں ان کی کرتوتیں ان کی شکست کا باعث بن رہی ہیں ، یہ وقت سے پہلے کہہ رہے ہیں دھاندلی ہو رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز کہتی تھیں ان کی لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں ، ان کا سارا ٹبر اس وقت مفرور اور اشتہاری ہے ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے دور حکومت میں کشمیر کے معاملے پر کوئی بات نہ کی ۔ بلاول زرداری ابھی تک یہ بتانے سے قاصر ہیں وہ امریکا کس لئے گئے ہیں ۔ کشمیر میں بیٹھ کر لوگوں نے باتیں بھی بہت کیں اور دعوے بھی بہت کئے ۔