علی امین گنڈا پور کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم

علی امین گنڈا پور کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم
کیپشن: علی امین گنڈا پور کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم
سورس: فائل فوٹو

میر پور: الیکشن سے پہلے ہی تحریک انصاف کی مشکلات میں اضافہ ہونے لگا، الیکشن کمیشن نے آزاد کشمیر انتخابی مہم کے دوران رقم تقسیم کرنے پر علی امین گنڈا پور کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔

آزاد کشمیر کے علاقے ڈڈیال کے مقام پر جلسہ کے موقع پر وفاقی وزیر امور کشمیر کی جانب سے نقد رقم کی تقسیم کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس پر الیکشن کمیشن نے نوٹس لیتے ہوئے وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ہے۔ 

آزاد کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر نے انتخابی مہم کے دوران وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کی جانب سے رقم  کی تقسیم کے معاملے پر ریٹرننگ آفیسر کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے ضبط شدہ رقم کو بطور ثبوت پیش کرنے کا بھی حکم دے دیا۔ چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ وزیر موصوف نے رقم تقسیم کی ہے یہ رشوت کے زمرہ میں آتا ہے۔

اس سے قبل چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ کر وفاقی وزرا کو الیکشن کوڈ آف کنڈکٹ2021 کی خلاف ورزی سے روکنے کا کہا تھا جب کہ صوبائی وزرا کو بھی الیکشن کوڈ آف کنڈکٹ پر پابندی کی ہدایت کی تھی۔