بابر کی سنچری: پاکستان نے انگلینڈ کو فتح کے لیے 332 رنز کا ہدف دے دیا

بابر کی سنچری: پاکستان نے انگلینڈ کو فتح کے لیے 332 رنز کا ہدف دے دیا
سورس: فائل فوٹو

برمنگھم : انگلینڈ کے خلاف سیریز کے تیسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو فتح کے لیے 332 رنزکا ہدف دے دیا۔ بابر اعظم نے 158 رنز کی اننگز کھیلی اور آخری اوور میں آؤٹ ہوئے۔ امام الحق اور محمد رضوان نے نصف سنچری سکور کی۔ پاکستان نے 9 وکٹوں کے نقصان پر331 رنز بنائے۔ 

برمنگھم میں 20ہزار تماشائیوں کی موجودگی میں کھیلے جا رہے سیریز کے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلی ہی گیند پر امام الحق نے چوکے کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا جبکہ وہ اسی اوور میں خوش قسمت بھی رہے کیونکہ ان کے خلاف ایل بی ڈبلیو کی زوردار اپیل مسترد کردی گئی۔

دونوں اوپنرز نے اسکور کو 21 تک پہنچایا ہی تھا کہ فخر زمان صرف چھ رنز بنانے کے بعد ثاقب محمود وکٹ دے بیٹھے۔ اس کے بعد امام کا ساتھ دینے کپتان بابر اعظم آئے اور دونوں نے اب مزید کوئی اور وکٹ نہیں گرنے دی۔

امام الحق نے ابتدائی دو میچوں میں ناکامی کے بعد اس میچ میں قدرے بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی اور کپتان کے ہمراہ 92 رنز کی شراکت قائم کی۔ امام 56 رنز بنانے کے بعد میٹ پارکنسن کی میچ میں پہلی وکٹ بن گئے۔

امام کے آؤٹ ہونے کے بعد بابر نے نئے بلے باز محمد رضوان کے ساتھ مل کر تیزی سے اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے 8 کی اوسط سے رنز بناتے ہوئے سنچری شراکت قائم کی۔

بابر اعظم لگاتا دو میچوں میں ناکامی کے بعد ایک مرتبہ پھر پرانی فارم میں نظر آئے اور ابتدا میں سست کھیل کے بعد شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ون ڈے کرکٹ میں اپنی 14ویں سنچری مکمل کی۔

بابر اعظم اور محمد رضوان اب تک تیسری وکٹ کے لیے 100 رنز سے زائد کی ساجھے داری قائم کی۔ رضوان نے بھی نصف سنچری سکور کی۔

اس سے قبل پاکستان نے سیریز ہارنے کے باوجود فائنل الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی جبکہ انگلینڈ نے بھی فاتح ٹیم میں تبدیلی کی ضرورت محسوس نہیں کی۔