تیسرا ون ڈے : بابر اعظم نے کئی ریکارڈ توڑ دیے

تیسرا ون ڈے : بابر اعظم نے کئی ریکارڈ توڑ دیے
کیپشن: بابر اعظم نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا
سورس: فائل فوٹو

برمنگھم : پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے انگلینڈ کے خلاف تیسرے ون ڈے میچ میں کئی   اعزاز ات اپنے نام کرلیے ہیں۔

برمنگھم میں کھیلے گئے ون ڈے میچ میں سنچری بنا کر بابر اعظم تیزترین 14 سنچریاں بنانے والے بلے باز بن گئے ہیں۔ 

بابر اعظم نے 14 سنچریاں 81 میچ کھیل کر بنائی ہیں ۔ جو دنیا میں تیز ترین ہیں۔ ہاشم آملہ نے 84 میچ کھیل کر 14 سنچریاں سکور کیں ۔ ڈیوڈ وارنر نے یہ سنگ میل 98 اننگز میں حاصل کیا جبکہ بھارتی کپتان ورات کوہلی نے 103 اننگز میں 14 سنچریاں بنائی تھیں۔ 

بابر اعظم کی انگلینڈ میں یہ تیسری سنچری تھی یوں وہ انگلینڈ میں3 ون ڈے سنچریاں بنانے والے پہلے پاکستانی بیٹسمین بن گئے جبکہ  وہ انگلش سرزمین پر ایک ہزار رنز بنانے والے بھی پہلے پاکستانی ہیں۔

بابر اعظم کے 158 رنز کی اننگز  ون ڈے میں کسی بھی پاکستانی کپتان کی سب سے بڑی انفرادی اننگز ہے، اس سے قبل شعیب ملک نے 2008 میں بھارت کیخلاف 125 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔

اس کے علاوہ  یہ 38 سال بعد کسی پاکستانی کپتان کی انگلش سرزمین پر سنچری تھی، اس سے قبل انگلینڈ میں عمران خان نے 1983 ورلڈ کپ کے دوران سنچری اسکور کی تھی۔

 بابر اعظم کا یہ انفرادی اسکور انگلینڈ میں ہونے والی دو طرفہ ون ڈے سیریز کے کسی ایک میچ میں کسی بھی ٹیم کے کپتان کا سب سے بڑا اسکور بھی ہے، اس سے قبل انگلینڈ کے الیک اسٹیورٹ نے 2010 میں بنگلا دیش کیخلاف سیریز میں 154 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ 

 بابر اعظم کا 158 رنز کا انفرادی اسکور انگلش سرزمین پر کسی بھی پاکستانی کا سب سے بڑا اسکور بھی ہے، اس سے قبل امام الحق نے یہاں 151 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

اس کے علاوہ میچ کے دوران بابر اعظم نے محمد رضوان کے ساتھ 179 رنز کی شراکت بنائی جو کسی بھی وکٹ پر اور کسی بھی میدان پر پاکستان کی انگلینڈ کیخلاف سب سے بڑی شراکت ہے۔