17 جولائی کو عمران خان کی جیت کا اعلان ہوگا، عوام نے فیصلہ دے دیا: پرویز الہٰی

17 جولائی کو عمران خان کی جیت کا اعلان ہوگا، عوام نے فیصلہ دے دیا: پرویز الہٰی
سورس: File

لاہور : سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالہی سے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چودھری اور سابق گورنر عمر سرفرازچیمہ نے ملاقات  کی ہے۔ ملاقات میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔  چودھری پرویز الہی نے کہا کہ عوام کا غصہ کم کرنے کے لئے شہباز شریف اور حمزہ شہباز شعبدہ بازی کر رہے ہیں۔

پرویز الہٰی نے کہا کہ مفت بجلی دینے کے جھوٹے اعلانات کیے جن کا کوئی اثر نہیں ہوگا۔ باپ بیٹے کی سیاسی کشتی ڈوب رہی ہے اب شعبدہ بازی نہیں چلے گی۔ ضمنی انتخاب میں دھاندلی حکمرانوں کو مہنگی پڑے گی۔ پی ٹی آئی کی کامیاب مہم پر حکمران بوکھلا چکے ہیں۔17 جولائی کو عمران خان کی جیت کا اعلان ہوگا۔ عوام نے فیصلہ دے دیا ہے۔

پرویزالہی مزید بولے کہ اب وزرا کے مستعفی ہونے سے بات نہیں بنے گی۔ اس نااہل حکومت کو ہی جانا ہوگا ۔سترہ جولائی کو لوٹا سیاست کا خاتمہ ہوگا۔ ضمنی انتخاب کے حلقوں میں گرفتاریاں حکومت کی بوکھلاہٹ  قرار دیتے ہوئے کہا کہ ضمنی انتخاب کے تمام حلقو ں میں لوٹوں کو شکست ہورہی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف جیسے بہروپیوں کی حقیقت عوام جان چکے ہیں تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ انتخابات میں حکومت کو اپوزیشن کےخلاف امیدوار ہی نہیں ملا۔ کل تک ،،ووٹ کو عزت دو ،،کو نعرہ لگانے والی ن لیگ ڈھٹائی سے لوٹوں کو ووٹ دو کو نعرہ لگا رہی ہے۔ چند مہینوں کی حکومت میں نااہل حکمران تاریخ ساز مہنگائی دے چکے۔

فواد چوہدری  نے کہا کہ پنجاب میں ہونے والے تمام سروے پی ٹی آئی کی کامیابی کا اعلان کر رہے ہیں ۔دھاندلی کے تمام حربوں کا پی ٹی آئی کے کارکن ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ معلوم نہیں کہ الیکشن کمیشن کب پنجاب حکومت کی مداخلت کا نوٹس لے گا۔ 

سابق گورنرپنجاب نے کہا کہ تحریک انصاف کا راستہ روکنے کی ہر کوشش ناکام رہے گی۔ عمران خان کے کامیاب جلسے پی ٹی آئی کی کامیابی کا پیشگی اعلان کر رہے ہیں ۔ پی ٹی آئی رہنما سلیم بریار ، ایم پی اے احسن سلیم بریار اور ایم پی اے مسرت جمشید چیمہ بھی ملاقات میں شریک  ہوئے۔

مصنف کے بارے میں