حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں ہرٹال کرنے والے ینگ ڈاکٹرز پر پولیس کا لاٹھی چارج

حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں ہرٹال کرنے والے ینگ ڈاکٹرز پر پولیس کا لاٹھی چارج

پشاور :  ایک ماہ سے ہڑتال پر رہنے والے ینگ ڈاکٹرز کو پولیس نے دھو ڈالا، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں لاک ڈاﺅن کرنےکی کوشش کرنےوالے ینگ ڈاکٹرز پر پولیس نے دھاوا بول دیا۔ لاٹھی چارج کے بعد ایک درجن سے زائد ڈاکٹرز کو گرفتارکرلیا گیا۔ ہسپتال انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ ہنگامہ آرائی کرنےوالے ڈاکٹرز کیخلاف سخت کارروائی ہوگی۔

حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں صورتحال اس وقت کشید ہ ہوگئی جب احتجاج کرنے والے ینگ ڈاکٹرز نے زبردستی او پی ڈی اور وارڈز کو تالے لگانے کی کوشش کی ، اس دوران انتظامیہ کے اہلکاروں اور ینگ ڈاکٹرز میں ہاتھا پائی بھی ہوئی جبکہ پولیس نے ہسپتال میں ہنگامہ آرائی کی کوشش کرنے والے ینگ ڈاکٹرز کیخلاف کریک ڈاﺅن شروع کیا۔  پولیس نے ینگ ڈاکٹرز پر لاٹھی چارج کیا اور ایک درجن سے زائد ڈاکٹرز کو گرفتار کرلیا ،لاٹھی چارج اور ساتھیوں کی گرفتاری کے بعد ینگ ڈاکٹرز ایڈمنسٹریشن بلاک کے سامنے جمع ہوئے انہوں نے صوبائی حکومت اور انتظامیہ کیخلاف شدید نعر ے بازی کی تاہم پولیس کی بھاری نفری نے ڈاکٹرز کو ہسپتال کے اندر جانے نہیں دیا۔

ڈائریکٹر ہسپتال ڈاکٹر شہزاد کا کہنا تھا کہ ینگ ڈاکٹرزنے ہسپتال بند کرنے کی کوشش کی جس پر انتظامیہ کو پولیس کی مدد لینی پڑی ،ڈاکٹر شہزادہ نے بتایا کہ ینگ ڈاکٹرز پہلے ہی ہسپتال کے اندر احتجاج سے منع کیا گیا ہے ،طبی سروسز میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کو معاف نہیں کیا جائیگا، ان کا کہنا تھاکہ ہنگامہ آرائی کرنے اور ہسپتال کے امور میں روڑے اٹکانے والے ڈاکٹرز کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی ۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

مصنف کے بارے میں