پاک انگلینڈ پہلے سیمی فائنل کی 38 فیصد ٹکٹیں بھارتی شائقین نے خرید لیں

پاک انگلینڈ پہلے سیمی فائنل کی 38 فیصد ٹکٹیں بھارتی شائقین نے خرید لیں

کارڈوف: پاکستانی ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے بعد جہاں پاکستانی شائقین میں اس میچ کے حوالے سے بہت جوش و خروش پایا جاتا ہے وہیں گلیمورگن کرکٹ کلب کے سربراہ کا کہنا ہے کہ اس میچ کے تمام ٹکٹ پہلے ہی فروخت ہو چکے ہیں اور اس کے ایک تہائی سے زیادہ خریدار بھارتی ہیں۔ جی سی سی کے چیف ایگزیکیٹو ہیؤ مورس نے کہا کہ جب ہمیں یہ میچ منعقد کروانے کے لیے کہا گیا تو ہمیں علم نہیں تھا کہ کون سی ٹیم اس میں حصہ لے گی لیکن دو مہینے قبل ہی اس میچ کی تمام ٹکٹیں بک گئیں اور انھیں خریدنے والے 38 فیصد افراد بھارتی شائقین ہیں۔

بھارت کی ٹیم بھی سیمی فائنل میں پہنچی ہے تاہم وہ اپنا میچ 14 جون کو برمنگھم میں کھیلے گی۔  مورس نے بھارتی شائقین سے گذارش کی ہے کہ اگر وہ میچ دیکھنے کارڈف کے میدان میں نہیں آ سکتے تو آئی سی سی کی ویب سائٹ پر ان ٹکٹوں کو ان کی اصل قیمت پر دوبارہ بیچ دیں تاکہ انگلینڈ اور پاکستان کے شائقین یہ ٹکٹ خرید سکیں۔ یہ انگلینڈ اور پاکستان کے حمایتیوں کے لیے آئی سی سی کی ویب سائٹ سے ٹکٹ خریدنے کا اچھا موقع ہے۔

دوسری جانب انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے کارڈف پر تنقید کی ہے کہ ٹورنامنٹ کے دوران صرف کارڈف ہی تھا جہاں کے میدان میں نشستیں خالی تھیں۔ میں جب دیکھتا ہوں کے ایک میدان میں صرف 14000 سیٹیں ہیں اور وہ بھی نہیں بھر سکیں تو یہ کرکٹ کے لیے ایک لمحہ فکریہ ہے کہ آپ ایک بڑے ٹورنامنٹ میں بھی شائقین کی دلچسپی پیدا نہیں کر سکتے تو میں جاننا چاہتا ہوں کہ ایسا کیوں ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والا میچ جو کہ ناک آٹ کی حیثیت اختیار کر گیا تھا، اسے دیکھنے 10800 لوگ میدان میں موجود تھے۔ہیﺅ مورس نے اس کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ کارڈف میں ہونے والے چار میں سے دو میچ مکمل طور پر بِک چکے تھے لیکن ہمیں یہ معلوم کرنا ہے کہ ٹکٹ خریدنے کے باوجود لوگ میچ دیکھنے کیوں نہیں آئے۔ ان کا خیال تھا کہ ہو سکتا ہے کہ خراب موسم کی وجہ سے لوگوں نے نہ آنے کا فیصلہ کیا ہو۔'

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں