وزیراعظم کی جے آئی ٹی میں پیشی، شیخ رشید کی عمرے پر روانگی موخر

وزیراعظم کی جے آئی ٹی میں پیشی، شیخ رشید کی عمرے پر روانگی موخر

راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے عمرے کی ادائیگی وزیر اعظم کی جے آئی ٹی کی پیشی سے منسلک کر دی۔ تفصیلات کے مطابق شیخ رشید احمد نے ملک میں سیاسی بھونچال اور وزیر اعظم محمد نواز شریف کی جے آئی ٹی میں پیشی تک عمرے پر روانگی موخر کر دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی جے آئی ٹی میں پیشی کے بعد عمرے کی ادائیگی کے لئے روانہ ہوں گا۔ شیخ رشید احمد نے 15 جون کو سعودیہ عرب روانہ ہونا تھا۔


ادھر وزیر اعظم نواز شریف نے (ن) لیگی کارکنوں کو 15 جون بروز جمعرات جوڈیشل اکیڈمی اسلام آباد آنے سے روک دیا۔ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ( ن) لیگی کارکن پارٹی کا عظیم سرمایہ ہیں اور وہ ان کے جذبات کی قدر کرتے اور ان کا شکریہ ادا کرتے ھیں۔ وزیر اعظم نے کارکنوں کے نام اپنے پیغام میں مزید کہا ہے کہ کارکن مجھے اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔

یاد رہے وزیراعظم نواز شریف جمعرات 15 جون کو پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کے سامنے صبح 11 بجے پیش ہوں گے۔ جے آئی ٹی کا سمن موصول ہونے کے بعد رائیونڈ میں مشاورتی اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نوازشریف نے کمیٹی کے روبرو پیش ہونے کا فیصلہ کیا گیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں