چاروں صوبوں کے آئی جیز اور چیف سیکریٹریز کو تبدیل کر دیا گیا

چاروں صوبوں کے آئی جیز اور چیف سیکریٹریز کو تبدیل کر دیا گیا

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں تقرریوں اور تبادلوں کی منظوری دی گئی۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: الیکشن سے قبل بیوروکریسی میں اعلیٰ سطح پر تقرر و تبادلوں میں چاروں صوبوں کے آئی جیز اور چیف سیکریٹریز کو تبدیل کر دیا گیا۔ نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں اعلیٰ سطح پر ان تقرریوں اور تبادلوں کی منظوری دی گئی۔

 

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے قبل نگران وزیراعظم اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کے درمیان ملاقات بھی ہوئی جس میں اچھی شہرت کے حامل افسران کی تقرریوں پر اتفاق کیا گیا۔

 

وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد بیورو کریسی میں اعلیٰ سطح پر تقرر و تبادلوں کا نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

 

مزید پڑھیں: قوم اور ووٹ کی عزت کیلئے باہر نکلی ہوں مریم نواز

نوٹی فکیشن کے مطابق انسپکٹر جنرل ( آئی جی ) پولیس سندھ اے ڈی خواجہ کی جگہ امجد سلیمی کو نیا آئی جی لگانے کی منظوری دی گئی ہے۔ امجد سلیمی اس وقت موٹروے پولیس سربراہ کے طور پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔

 

پنجاب میں عارف نواز کی جگہ کلیم امام کو آئی جی تعینات کیا گیا ہے، خیبرپختونخوا میں صلاح الدین محسود کا تبادلہ کر کے محمد طاہر کو نیا آئی جی تعینات کیا گیا ہے جب کہ آئی جی بلوچستان معظم جاہ انصاری کی جگہ محسن بٹ کو صوبے کا پولیس سربراہ لگایا گیا ہے۔

 

یہ بھی پڑھیں: پرویز مشرف کو وطن واپسی کیلئے کل دوپہر 2 بجے تک کی مہلت

اس کے علاوہ جودت ایاز کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کا چیف کمشنر اور جان محمد کو آئی جی اسلام آباد لگایا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب میں ایڈیشنل ہوم سیکریٹری کی ذمہ داریاں انجام دینے والے اعظم سلمان چیف سیکریٹری سندھ تعینات کیے گئے ہیں اور وفاقی سیکریٹری اکبر دارنی کو پنجاب کا چیف سیکریٹری لگایا گیا ہے۔

 

نوید کامران بلوچ چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا ہوں گے جب کہ ڈاکٹر اختر نذیر کو بلوچستان کا چیف سیکریٹری تعینات کیا گیا ہے۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں