عمران خان جلد انجام کو پہنچنے والے ہیں، نواز شریف

عمران خان جلد انجام کو پہنچنے والے ہیں، نواز شریف
ہم عوامی مینڈیٹ سے آئے اور یہ عوامی مینڈیٹ سے محروم ہیں، سابق وزیراعظم۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ ن لیگ آفیشل فیس بُک پیج

لاہور: کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کرنے والوں سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ عمران خان اور علیمہ خان کے خلاف ٹھوس چارجز موجود ہیں اور ان کا جلد کڑا احتساب ہو گا۔


انہوں نے وزیراعظم پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ایسا کھلاڑی ہے جسے تماشائی جلد اسٹیڈیم سے باہر پھینک دیں گے۔ ان کا بنی گالہ کرپشن کی دلدل میں پھنسا ہوا ہے اور امپائر کی انگلی کی بات کرنے والے عمران خان کو شرم آنی چاہیے۔ وہ کھیل کے دوران ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کررہا ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم عوامی مینڈیٹ سے آئے اور یہ عوامی مینڈیٹ سے محروم ہیں۔ میں ولی پیر یا قسمت کا حال بتانے والا نہیں لیکن عمران خان جلد انجام کو پہنچنے والے ہیں کیونکہ عمران خان بے انتظامی اور نااہلی چھپانے کے لیے سابق حکومت پر الزام لگا رہے ہیں۔ ان کی نااہلی نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا۔

نوازشریف نے مزید کہا کہ ہمارے دور میں بھارتی وزیراعظم خود چل کر پاکستان آئے اور بھارتی وزیراعظم کو کسی نے حلف برداری میں بھی نہیں بلایا۔ ہم نے ایٹمی دھماکے کیے تو دنیا کو پاکستان کی اہمیت کا اندازہ ہوا۔ جب کوئی خود اندر جانے والا ہوتا ہے تو وہ پہلے دوسرے کو اندر بھیجتا ہے اور موجودہ حکومت بلاوجہ بڑے سیاستدانوں کو جیل بھیج رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے آئی ایم ایف کو خیر باد کہہ دیا تھا اور یہ ان کے سامنے جھک رہے ہیں اور مسلم لیگ (ن) نے بھرے ہوئے خزانے چھوڑے، موٹروے بنائیں، ہم نے دہشت گردی اور مہنگائی کم کی اور ملک میں بجلی بجلی کر دی۔ عمران خان کہتے تھے خود کشی کر لوں گا آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاؤں گا اور انہوں نے خود کشی تو نہیں کی مگر قوم کو خود کشی پر مجبور کر دیا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے دور میں ڈالر کنٹرول میں رہا اور غیر ملکی ذخائر بڑھے اور تیل کی قیمت کم ہوئی۔ ہمارے دور میں ترقی کی شرح 5 اعشاریہ 8 فیصد تک پہنچ چکی تھی اور اب ان کے دور میں ترقی کی شرح 4 فیصد بھی نہیں رہی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان سلیکٹڈ وزیراعظم نہ ہوتے تو آج ملک کی حالت بہتر ہوتی۔ انہوں نے 10 ماہ میں قوم کو مایوس کر دیا اور ہمارے دور میں ضروریات زندگی کی ہر چیز سستی تھی لیکن آج عوام کی چیخیں نکل رہی ہیں۔