سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی بھی کورونا میں مبتلا

سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی بھی کورونا میں مبتلا
کیپشن: نیب والد کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے میں کامیاب ہو گیا، قاسم گیلانی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی بھی مہلک وبا کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے۔پیپلز پارٹی کے رہنما و سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے نے ان کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق سوشل میڈیا پیغام کے ذریعے سے کی۔

یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے قاسم گیلانی نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر والد کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی حکومت اور قومی احتساب بیورو (نیب) کا شکریہ کہ آپ میرے والد کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے میں کامیاب ہوئے۔

قاسم گیلانی نے مزید کہا کہ میرے والد کا کووڈ-19 یعنی کورونا وائرس کے ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور اب تک قومی و صوبائی اسمبلیوں کے کئی ارکان وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں جب کہ کچھ وائرس سے انتقال بھی کر گئے ہیں۔