پنجاب میں مکمل لاک ڈاؤن نہیں کیا جائے گا، اجلاس میں فیصلہ

پنجاب میں مکمل لاک ڈاؤن نہیں کیا جائے گا، اجلاس میں فیصلہ
کیپشن: لاہور سمیت کسی بھی ضلع کو مکمل لاک ڈاون نہیں کیا جائے گا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: صوبے میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے کیسز کے بعد وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پنجاب میں مکمل لاک ڈاؤن نہیں کیا جائے گا۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران صوبے میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے کیسز کا جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں مکمل لاک ڈاون نہیں کیا جائے گا۔ ایس او پیز پر عملدرآمد سے متعلق مزید پابندیاں لگائی جائیں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور سمیت کسی بھی ضلع کو مکمل لاک ڈاون نہیں کیا جائے گا۔ شہروں کو ٹاون کی سطح پر بھی لاک ڈاون نہیں کیا جائے گا۔

لاہور کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے بڑھتے ہوئے کیسز پر تشویش کا اظہار کیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بڑھتے ہوئے کیسز کی تعداد کے بعد لاہور میں بھی صرف ریڈ زون بنائے جائیں گے۔ علاقوں کو لاک ڈاون کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں مارکیٹیوں کو بند کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا جبکہ ایک تجویز یہ بھی تھی کہ مارکیٹوں کو بند کرنے کی بجائے ایک وارننگ مزید دی جائے۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں لاہور میں کورونا ایس او پیز کی پابندیاں مزید سخت کرنے کا حکم دے دیا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ لاہور سمیت پنجاب میں جہاں ایس او پیز کی خلاف ورزی ہو رہی ہے سخت ایکشن لیا جائے۔ لاہور سمیت پنجاب میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز روکنے کے لئے خصوصی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

عمران خان کا کہنا تھا عوام کو ماسک، سماجی فاصلہ اور دیگر احتیاطی تدابیر پر ہر صورت عملدرآمد کرنا ہوگا۔ اپوزیشن کا کام صرف تنقید کرنا ہے ہم تنقید سے گھبرانے والے نہیں تاہم حکومت کو بہت سی مشکلات کا سامنا ہے اس کے باوجود حالات کنٹرول میں ہیں، عثمان بزدار پنجاب کو ایک زبردست ٹیم کے ساتھ اچھے انداز میں چلا رہے ہیں۔