خیبرپختونخوا، ایم پی اے عائشہ بانو کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا

خیبرپختونخوا، ایم پی اے عائشہ بانو کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا
کیپشن: عائشہ بانو نے خود کو گھر پر قرنطینہ کر لیا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

پشاور: خیبرپختونخوا اراکین اسمبلی میں کورونا وائرس تیزی سے پھیلنے لگا ہے۔ اسپیکر مشتاق غنی کے بعد ایم پی اے عائشہ بانو کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔اپنے بیان میں ایم پی اے عائشہ بانو نے کہا کہ طبعیت کی ناسازی کے باعث ٹیسٹ کرایا جو مثبت آیا ہے جس کے بعد میں نے خود کو گھر پر قرنطینہ کر لیا ہے۔

عائشہ بانو نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت اور دعاوں کی بھی اپیل کی۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے۔ مسلم لیگ ن پاکستان کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

اس سے قبل مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال، شاہد خاقان عباسی، طاہرہ اورنگزیب اور مریم اورنگزیب کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آ چکا ہے اور تمام رہنماؤں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔

وزیر ریلوے شیخ رشید سمیت کئی اراکین اسمبلی میں کورونا ٹیسٹ کی تصدیق ہوئی تھی۔ سینیٹر ثنا جمالی اور متحدہ قومی موومنٹ کے ایم این اے اُسامہ قادری نے بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔