پنجاب کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کیلئے خوشخبریاں ہوں گی: فردوس عاشق اعوان

پنجاب کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کیلئے خوشخبریاں ہوں گی: فردوس عاشق اعوان
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کل پنجاب میں عوامی بجٹ پیش کیا جائے گا جس میں سرکاری ملازمین کیلئے خوشخبریاں ہوں گی۔ 
تفصیلات کے مطابق فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان میں کہا کہ کل پنجاب میں عوامی بجٹ پیش کیا جائے گا جس کا مرکز و محور عوام کو ریلیف دینا ہو گا جبکہ سرکاری ملازمین کیلئے خوشخبریاں بجٹ کا حصہ ہوں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وفاقی حکومت نے عوام دوست بجٹ پیش کیا جس کا مرکز و محور عوام کو ریلیف دینا ہے، پنجاب کے بجٹ میں بھی عوام کو ریلیف دیا جائے گا اور غریب کسانوں اور محنت کشوں کیلئے آسانیاں پیدا کی جائیں گی۔ 
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بجٹ میں مہنگائی کی کمر توڑنے کیلئے خصوصی اقدامات نظر آئیں گے جبکہ سوشل سیکٹر کیلئے بھی تاریخی بجٹ رکھا جائے گا، مشکل وقت گزر گیا، اب عوام کو ڈیلیور کرنے کا وقت ہے، اپوزیشن کو گھسا پٹا چورن بیچنے کیلئے بجٹ میں کچھ نہیں چھوڑیں گے۔