اب مہنگائی کم ہونے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، فرخ حبیب

اب مہنگائی کم ہونے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، فرخ حبیب
کیپشن: اب مہنگائی کم ہونے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، فرخ حبیب
سورس: فائل فوٹو

فیصل آباد: وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے دعویٰ کیا ہے کہ مہنگائی نے جتنا بڑھنا تھا بڑھ گئی اب اس کے کم ہونے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت ختم ہوئی تو ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا مگر ہم نے تمام مشکل حالات اور چیلنجز کا جوانمردی سے سامنا کیا۔ سمندر پار پاکستانیوں نے کثیر تعداد میں ترسیلات زر پاکستان بھیجیں جس سے ملک کو بڑا سہارا ملا۔ ہمارے اقتدار سنبھالتے وقت چیلجنز کا انبار تھا اور معیشت کا عالم یہ تھا کہ ریزور 15 دن کا تھا مگر ہم نے دیگر چیلنجز کے ساتھ کورونا وبا کے چیلنج کا بھی کامیابی سے سامنا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے تمام صوبوں کا اس کا حق یا اور این ایف سی ایوارڈ بڑھا کر 3412 ارب کر دیا گیا ہے، اس لئے اب صوبوں کو بھی چاہیے کہ صوبے بھی صوبائی فنانس ایوارڈ کا اعلان کریں۔

فرخ حبیب نے کہا کہ عمران خان کی نیت نیک تھی اس لئے انہوں نے تمام تر چیلنجز کا مقابلہ کیا اور کوویڈ سے نبرد آزما ہوئے حالانکہ کووڈ19 کے باعث بھارت منفی 7.7، بنگلا دیش، ترکی سمیت بہت سے ممالک کی معیشت محدود ہوئی مگر ہماری معیشت اوپر گئی۔

انہوں نے کہا کہ پرائمری بیلنس میں اگر سود کو نکال دیا جائے تو ہمارے اخراجات اور آمدن قریب قریب ہے کیونکہ ہمیں 3 ہزار ارب قرضوں کی قسطیں ادا کرنا پڑ رہی ہیں جو سابق حکمرانوں نے لئے۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ فی کس آمدن میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ سوائے اپوزیشن کے سب کو بجٹ اچھا لگ رہا ہے جس میں تنخواہ دار پر کوئی ٹیکس نہیں لگایا گیا اور تنخواہ و پنشن میں 10 فیصد اضافہ اور مزدور کی کم سے کم اجرت 20 ہزار مقرر کی گئی۔