اسلام آباد یونائیٹڈ کی لاہو رقلندرز کے خلاف حیران کن فتح

اسلام آباد یونائیٹڈ کی لاہو رقلندرز کے خلاف حیران کن فتح
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

ابوظہبی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 20 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو 28 رنز کی عبرتناک شکست دیدی۔ 
تفصیلات کے مطابق شیخ زید کرکٹ سٹیڈیم ابوظہبی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا مگر اس کا آغاز تباہ کن رہا اور صرف 20 کے مجموعی سکور پر 5 کھلاڑی آؤٹ ہو گئے اور 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں بھی کامیاب نہ ہو سکے۔ 
افتخار احمد اور آصف علی نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 123 رنز جوڑ کر ٹیم کی ڈوبتی کشتی کو سہارا دیا اور دونوں کی عمدہ بلے بازی کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ ٹیم لاہور قلندرز کو 153 رنز کا ہدف دینے میں کامیاب ہو گئے۔ آصف علی نے دھواں دار بلے بازی کرتے ہوئے 43 گیندوں پر 5 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 75 رنز بنائے جبکہ افتخار احمد نے 37 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 49 رنز کی اننگز کھیلی۔ 
لاہور قلندرز کی جانب سے جیمز فالکنر سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 19 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں۔ 
ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کے اوپننگ بلے بازوں فخر زمان اور سہیل اختر نے 55 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم دونوں کے آؤٹ ہوتے ہی لاہور قلندرز کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار مانند بکھر گئی اور 8 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ فخر زمان نے 37 گیندوں پر 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 44 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ سہیل اختر نے 19 گیندوں پر ایک چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 34 رنز بنائے۔ 
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے محمد موسیٰ خان سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فواد احمد، شاداب خان 2,2 اور علی خان ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔