مسلم لیگ ن کے دروازے میرے لیے ہمیشہ کھلے ہیں، جاوید ہاشمی

مسلم لیگ ن کے دروازے میرے لیے ہمیشہ کھلے ہیں، جاوید ہاشمی

‎‎سلام آباد: سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی  کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے دروازے ابھی بھی کھلے ہوئے ہیں جب چاہوں مسلم لیگ ن میں شامل ہو کتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ پارٹی کیساتھ میرے اختلافات ابھی بھی موجود ہیں  لیکن مستقبل میں مسلم لیگ میں شامل ہو سکتا ہوں۔نجی ٹی وی کو دیئے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ اگرچہ ن لیگ کے ساتھ میرے اختلافات موجود ہیں، لیکن میں کل بھی مسلم لیگی تھا اور آج بھی ہوں اور میں دفن بھی لیگی پرچم میں ہوں گا. کیونکہ یہ جماعت میرے سب سے قریب ترین ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاست اسی وقت ہوسکتی ہے جب آپ کوئی نئی جماعت بنا کر سامنے آئیں، لیکن میرے پاس اتنے وسائل نہیں کہ میں خود اپنی کوئی جماعت بنا سکوں اور نہ ہی کبھی اکیلے سیاست کرنے کا سوچا ہے۔ان کا کہنا تھا میں پاکستان تحریک انصاف میں بھی اس لیے آیا تھا کہ اسے مستحکم بنا سکوں. مگر وہ لوگ پارلیمانی سیاست کرنا نہیں جانتے۔مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف میں شمولیت سے قبل ان کے فوج کے ساتھ رابطوں کا معلوم نہیں تھا، لیکن جیسے ہی پارٹی میں آیا تو غلطی کا احساس ہوا، لہذا انہیں سمجھانے کی کوشش کی، مگر ناکامی پر پارٹی کو چھوڑنے کا فیصلہ کرنا پڑا۔