چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخابات میں جمہوریت کو شکست ہوئی: مولانا فضل الرحمان

چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخابات میں جمہوریت کو شکست ہوئی: مولانا فضل الرحمان

اسلام آباد: حکومتی اتحادی جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ و ڈپٹی چیئرمین کے انتخابات میں جمہوریت کو شکست ہوئی۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ جے یو آئی کے اراکین نے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو ووٹ دیئے ہیں ہم نے اپنے اتحادی ہونے کا حق ادا کیا ہے۔ اپنے سینیٹرز کا ادھر ادھر ہونے کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔ زرداری صاحب کے بارے میں کہا جاتا ہے ایک زرداری سب پے بھاری لیکن معاملہ ایسا ہوگیا کہ جو زرداری پر بھاری وہ سب پر بھاری، آج جمہوریت کی تشریح جو آئی اس سے عوام کا انتخابات اور جمہوریت پر اعتماد ختم ہوجائیگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ اپنے وعدے پر پورا اترے ہیں آج بھی انتہائی دبائو کے باوجود اتحادی کا ساتھ دینے کا حق نبھایا۔ آج جو ہوا اسے جمہوریت کی شکست سمجھتا ہوں، ہم بھی حیرت میں ہیں کہ اتنا فرق کیسے آگیا؟ ماضی میں ایوان بالا کا معیار قائم کیا گیا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ دونوں پارٹیوں کے بلوچستان جا کر اتفاق کی حقیقت سب جانتے ہیں۔ دونوں قوتیں کھینچ تان کر اسٹیج پر لائی گئیں خود نہیں آئیں۔