نواز شریف ہمارے قائد تھے، ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے، شہباز شریف

 نواز شریف ہمارے قائد تھے، ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے، شہباز شریف

سلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نئے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نواز شریف کل بھی ہمارے قائد تھے، آج بھی ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے۔

اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کی مرکزی جنرل کونسل سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نےکہا کہ ہمارے لیڈر نواز شریف سے زیادتی ہوئی ہے، لیکن وہ دن ضرور آئے گا جب سابق وزیراعظم نواز شریف سے کی گئی زیادتی کا ازالہ ہوگا، وہ دن ضرور آئے گا جب نواز شریف کو انصاف ملے گا۔

اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں مسلم لیگ (ن) کی جنرل کونسل کا اجلاس ہوا، جہاں سابق وزیراعظم نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنماؤں سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد تھی۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف بلا مقابلہ مسلم لیگ (ن) کا صدر منتخب 

اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) کے مستقل صدر منتخب ہوگئے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے بعد مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ نے شہباز شریف کو قائم مقام صدر منتخب کیا تھا جب کہ مستقل صدر کا انتخاب آج جنرل کونسل اجلاس میں کیا گیا۔شہباز شریف کے مقابلے میں کسی بھی امیدوار کی جانب سے  پارٹی الیکشن کمیشن میں کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے گئے جس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف مسلم لیگ (ن) کے مستقل صدر منتخب ہوگئے تاہم اس کی توثیق جنرل کونسل اجلاس میں ہوئی۔

  نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں