تم جیت کر بھی ہار گئے، ہم ہار کر بھی جیت گئے: نواز شریف

تم جیت کر بھی ہار گئے، ہم ہار کر بھی جیت گئے: نواز شریف

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ سب چابی والے کھلونے کل ایک ہی جگہ جاکر سجدہ ریز ہوگئے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ تمھارے دل میں کچھ، زبان پر کچھ اور تمھارے قول و فعل میں تضاد ہے۔ قوم تمھاری ساری حرکتوں سے آگاہ ہے، تم جھوٹے اور منافق ہو، تم جیت کر بھی ہار گئے، ہم ہار کر بھی جیت گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بنی گالا اور بلاول ہاؤس والے بھی کوئٹہ میں اسی جگہ جا کر جھک گئے، کس طرح لوگوں کو بتاؤ گے؟ کیا کہو گے؟ کیوں جا کر سلام کیا؟ کیا کہو گے، کیوں جھکے، کیوں سجدہ ریز ہوگئے، کیا یہی ہے نیا پاکستان؟ دنیا نے دیکھا کس طرح سب ایک ہی بارگاہ میں سجدہ ریز ہوئے، دعویٰ کرتے تھے کہ سودے بازی کی سیاست نہیں کریں گے، بڑی بڑی باتیں کرتے تھے کہ ہم اصول والے ہیں نیا پاکستان بنائیں گے۔

نواز شریف نے کہا کہ میرا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں، میرا ایجنڈا پاکستان اور اس کا مفاد ہے، مجھے اپنی جان کی بھی پرواہ نہیں، اپنی قوم کی پرواہ ہے، پاکستانی قوم کی ترقی کی بات کی اس لیے نشانہ بنایا گیا، مجھے بتائیں کہاں کرپشن کی ہے؟ 10 سال میں جو شہباز شریف نے کیا پاکستان کی 70سال کی تاریخ میں ایسا نہیں ہوا۔ خاقان عباسی کہتے ہیں آپ نے اتنے منصوبے لگائے کہ وہ افتتاح کرکے تھک گئے ہیں، ہم نے صرف کام کیا سکھ اور چین کا سانس نہیں لیا۔

ہماری ٹیم نے دن رات ایک کر کے لوڈشیڈنگ کو ختم کیا، 4 سال نہ صرف ملک کے بارے میں سوچا بلکہ مسائل بھی حل کیے۔ میری قوم ترقی کے بجائے تنزلی کی طرف جارہی ہے، دن رات اپنی قوم کے بارے میں سوچتا ہوں، مجھے کروڑوں ووٹ دے کر وزیراعظم بنایا گیا، 2013 میں عوام نے مجھے وزیراعظم بنایا۔ شہباز شریف کو نیا صدر منتخب کرنے کیلئے آج ہم یہاں آئے ہیں۔