نئی دہلی: بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں بم دھماکے میں 9 بھارتی فوجی ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع سکما میں بھارتی فوج کی بم پروف گاڑی ایم پی وی کو بارودی سرنگ سے اڑا دیا گیا جس کے نتیجے میں اس میں سوار 9 فوجی ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں 4 زخمیوں کی حالت انتہائی تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

کستارام کے علاقے میں نیم فوجی سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی جانب سے ما باغیوں کے خلاف آپریشن کیا جارہا تھا کہ اس دوران ایک فوجی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ بھارتی حکام نے واقعے کا الزام ما باغیوں پر عائد کرتے ہوئے بتایا کہ حملہ آوروں نے ایک سے زائد بارودی سرنگیں بچھائی تھیں۔ ہلاک شدہ تمام فوجیوں کا تعلق سی آر پی ایف کی 212ویں بٹالین سے تھا۔ حکومت نے واقعے کے بعد ریاست چھتیس گڑھ میں سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔