سفارتکاروں کو ہراساں کرنے کا معاملہ، پاکستانی ہائی کمیشن نے احتجاج ریکارڈ کرا دیا

سفارتکاروں کو ہراساں کرنے کا معاملہ، پاکستانی ہائی کمیشن نے احتجاج ریکارڈ کرا دیا

نئی دہلی: بھارت میں پاکستانی سفارتکاروں اور ان کے بچوں کو ہراساں کرنے کے مزید دو سنگین واقعات پیش آئے ہیں جبکہ پاکستانی ہائی کمیشن نے معاملہ بھارتی وزارت خارجہ کے سامنے اٹھاتے ہوئے احتجاج ریکارڈ کرا دیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں پاکستانی سفارتکاروں اور ان کے اہل خانہ کو مختلف طریقوں سے ہراساں کیے جانے کا سلسلہ ایک ہفتے سے جاری ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ پاکستانی سفارتکاروں کو ہراساں کرنے میں ملوث اپنی خفیہ ایجنسیوں کے حکام کو لگام دینے میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔

نئی دہلی میں تعینات سینئر سفارتکار کی گاڑی کو ایک کار نے روکا اور سفارتکار کی گاڑی کو آگے نہیں جانے دیا گیا۔ پھر راستہ روکنے والی گاڑی میں سے ایک شخص نے اتر کر سفارتکار کی تصاویر کھینچیں۔ دوسرے واقعے میں پاکستانی سفارتکار کی گاڑی کو روک کر ان کے بچوں کو ہراساں کیا گیا۔

مصروف شاہراہ پر پاکستانی اہلکار کی گاڑی کے آگے دوسری گاڑی لا کر روک لیا گیا اور آگے جانا دشوار کر دیا گیا۔ پاکستانی ہائی کمیشن نے معاملہ ایک بار پھر بھارتی وزارت خارجہ کے سامنے اٹھا دیا ہے۔