پی ایس ایل فور ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے فائنل میں جگہ بنا لی

پی ایس ایل فور ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے فائنل میں جگہ بنا لی
کیپشن: image by cricinfo

کراچی : پاکستان سپر لیگ 4 کے کوالیفائر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو ہرا کر براہ راست فائنل میں پہنچ گئی، ہارنے والی ٹیم کو فائنل میں جگہ بنانے کیلئے ایک اور موقع ملے گا۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پی ایس ایل 4 کے کوالیفائر میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو جیت کیلئے 187 رنز کا ہدف دیا، حریف ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بناسکی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز تیسری مرتبہ فائنل کھیلنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔

پشاور کی جانب سے ڈیرن سیمی اور کیرن پولارڈ نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو 83 رنز کی شراکت فراہم کی، شین واٹسن کے آخری اوور میں 21 رنز درکار تھے تاہم دونوں کھلاڑی وکٹیں گنوا گئے۔

پشاور کی جانب سے کامران اکمل 22، امام الحق 23، صہیب مقصود 7، مصباح الحق 18، لیام ڈاؤسن 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کیرن پولارڈ نے 22 گیندوں پر 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 44 رنز جبکہ ڈیرن سیمی نے 21 گیندوں پر 5 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 46 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلیں۔ وہاب ریاض صفر اور حسن علی 3 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین نے 2، محمد نواز، رائلی روسو، احسن علی اور شین واٹسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا،شین واٹسن کو 71 رنز اور ایک وکٹ کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کوالیفائر میچ کی فاتح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز براہ راست پاکستان سپر لیگ 4 کے فائنل میں پہنچ گئی، پہلا ایلی منیٹر اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان کل کھیلا جائے گا، فاتح ٹیم دوسرے ایلی منیٹر میں پشاور زلمی سے مقابلہ کرے گی۔