کرونا وائرس، بھارت نے بھی آئی پی ایل منسوخ کر دی

کرونا وائرس، بھارت نے بھی آئی پی ایل منسوخ کر دی
کیپشن: فائل فوٹؤ

نئی دہلی: بھارتی کرکٹ بورڈ نے کروناوائرس کے خدشات کے پیش نظر ” انڈین پریمئر لیگ “ کو ملتوی کر دیاہے .

تفصیلات کے مطابق بھارت میں آئی پی ایل 29 مارچ سے شروع ہونے جارہی تھی تاہم دنیا بھر میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث اب بھارت نے اسے ملتوی کر دیاہے جو کہ اب 15 اپریل سے شروع ہو گی اور اس حوالے سے تمام فرنچائزز کو پیغام پہنچا دیاگیاہے ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کرکٹ بورڈ کے ذرائع کے تصدیق کر دی ہے کہ آئی پی ایل کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کر لیا گیاہے ، بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی پی ایل کی ٹیموں کے مالکان سے ہفتے کے روز ملاقات کا فیصلہ کیا ہے جس میں دیگر معاملات زیر بحث لائے جائیں گے ۔آئی پی ایل ٹیم کے ایک آفیشل نے بھارتی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ” جی ہاں ہمیں بتا دیا گیاہے کہ آئی پی ایل کو ملتوی کر دیا گیاہے ، اگر ٹیم میں چار غیر ملکی کھلاڑی شامل نہیں ہوں گے تو آئی پی ایل اپنا مزہ کھو دے گی ۔“

دنیا بھر میں پھیلنے والی وبا سے جہاں معیشت کو بری طرح نقصان پہنچا ہے وہیں اس سے کھیلوں اور تعلیم سمیت دیگر سرگرمیاں بھی متاثر ہوئی ہیں۔امریکا نے ملک میں ہونے والی تمام کھیلوں کی سرگرمیاں معطل کر دی ہیں جب کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشورہ دیا ہے کہ اولمپکس گیمز 2020 بھی منسوخ کر دینے چاہئیں۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کا کہنا ہے پی ایس ایل اپنے شیڈول کے مطابق جاری رہے گی تاہم اگر غیر ملکی کھلاڑی چاہیں تو وہ اپنے وطن کو جا سکتے ہیں۔