پی ڈی ایم کی تدفین ہوگئی ،شکست نے اپوزیشن کو حواس باختہ کردیا: شبلی

پی ڈی ایم کی تدفین ہوگئی ،شکست نے اپوزیشن کو حواس باختہ کردیا: شبلی
کیپشن: شکست نے اپوزیشن کو حواس باختہ کردیا،اپوزیشن نے دونوں ہاتھوں سے ملک لوٹا: شبلی
سورس: file

اسلام آباد: وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ سینیٹ کی ہار نے اپوزیشن کو حواس باختہ کردیا ہے۔ ملک میں الیکشن کا جو جمہوری عمل تھا وہ ختم ہوا۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ  وزیراعظم نےکورونا میں عوام کو بھرپور ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی۔ کورونا کےدوران حکومت نے معیشت کو سنبھالا اور ترقی کا پہیہ رکنے نہ دیا۔ پی ٹی آئی کی حکومت عوام کے ووٹوں سے منتخب ہوئی اور انہیں ریلیف فراہم کر رہی ہے۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو صرف اپنے مفادات کا خیال ہے عوام کا کوئی خیال نہیں۔ ان لوگوں نے اداروں کو ہمیشہ اپنے مقاصد کیلئے استعمال کیا۔ ان لوگوں نے اداروں کو ہمیشہ اپنے مقاصد کیلئے استعمال کیا۔اپوزیشن جماعتیں آئے روز ایسے شوشے چھوڑ رہی ہیں جس سے ملک کی ترقی روکی جائے۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ملک کی ترقی اور عوام کی فلاح کیلئے اپوزیشن کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہیں۔ الیکٹرول ریفارمز پر بھی اپوزیشن سے بات کرنے کو تیار ہیں۔اپوزیشن اگر این آر او کیلئے حکومت کو بلیک میل کرنا چاہتی ہے تواسےناکامی ہوگی ۔عوام کے مسائل کے حل کیلئےجو معاملات مل بیٹھ کرکئےجائیں اس کیلئے تیار ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ  اپوزیشن کو ملکی مفاد کیلئے قانون سازی کی ہمیشہ دعوت دی۔ پی ڈی ایم نئی اننگز کا آغاز کرے، عوام سے معافی مانگے۔پی ڈی ایم اب قصہ پارینہ بن چکی ہے،اس کی تدفین کل ہوگئی۔ کل کے الیکشن میں کوئی ایسی بات نہیں تھی جس میں خرابی کا کوئی عنصر ہو۔ ہم نے قانونی و آئینی طور پر حربہ استعمال کیا جس سے شفافیت ہو۔ ووٹ خریدنے اور بیچنے والوں پر ہماری نظر تھی۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی پہلے فیڈریشن کی جماعت تھی جو کمزور ہوکر ایک صوبے میں چلی گئی۔ یہی حال مسلم لیگ (ن) سمیت دیگر جماعتوں کا ہوا جو صوبے تک محدود ہیں۔ اداروں کا مضبوط ہونا ان کرپٹ سیاستدانوں کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔موجودہ حکومت عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔

شبلی فراز نے مزید کہا کہ  وزیراعظم عمران خان عوام کو مسائل سے نکالنے کیلئے بھرپور کوششوں میں مصروف ہیں۔ نوازشریف اور زرداری نے اپنے ادوار میں ملک کو لوٹ کر مسائل کی دلدل میں دھکیلا۔نوازشریف کی فیکٹریاں تھیں اور آصف زرداری کی شوگر ملز تھیں جنہوں نے خوب کمایا۔

وزیر اطلاعات کے مطابق آصف زرداری نے بھی اپنے دور میں کرپشن عروج پر پہنچا دی تھی۔ انہوں نے بیرون ملک جائیدادیں بنائیں اور عوام کو بدحالی میں چھوڑ کر چلے گئے۔ نوازشریف اینڈ فیملی نے اپنے دور حکومت میں ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا۔

 انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نےبلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ترقیاتی پیکج دیا۔ جب سے بلوچستان میں ہماری اتحادی حکومت قائم ہوئی وہ صوبہ ترقی کی دوڑ میں شامل ہوگیا۔پہلے بلوچستان میں ہماری حکومت نہ تھی جس وجہ سے عوامی مسائل حل نہیں ہوتے تھے۔وزیراعظم نے بلوچستان کیلئے 632 ارب کا پیکج دیا ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم نے بلوچستان کیلئے بھی ترقیاتی فنڈزدیئے ہیں۔ وزیراعظم نے 100 ارب سالانہ کا فاٹا کیلئے بجٹ بھی مختص کیا ہے۔ وزیراعظم نے پہلے خیبرپختونخوا میں فاٹا کا انضمام کرایا۔ سابقہ فاٹا بھی ترقی کے سفر میں بہت پیچھے رہ گئے ہیں۔ ماضی میں ملک میں چھوٹے صوبوں کو ہمیشہ نظرانداز کیا گیا۔