لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان اور فواد چودھری کے وارنٹ گرفتاری معطل کردیے

لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان اور فواد چودھری کے وارنٹ گرفتاری معطل کردیے
سورس: File

لاہور : لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے الیکشن کمیشن کی طرف سے عمران خان اور فواد چودھری کے 14 مارچ کیلئے جاری وارنٹ گرفتاری معطل کردیئے۔عدالت نے الیکشن کمیشن کو قانون کے مطابق کاروائی جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔ درخواست گزاروں کی جانب سے  واپس لینے پر بنچ نے درخواستیں نمٹا دیں۔ 

عمران خان اور فواد چودھری کیخلاف الیکشن کمیشن کے وارنٹ گرفتاری کے معاملے پر لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی کے لارجر بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ عمران خان اور فواد چودھری کی جانب سے ایڈووکیٹ فیصل چودھری اور الیکشن کمیشن کے وکیل سجیل سواتی عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت عدالت نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق بھی انکوائری چیلنج کرنے کی صورت میں درخواست گزار کو عبوری ریلیف نہیں دیا جاسکتا جب درخواست گزار نے الیکشن کمیشن کے اختیارات کو ہی چیلنج کررکھا ہے تو الیکشن کمیشن کیسے کارروائی جاری رکھ سکتا ہے۔

درخواست گزار کے پٹیشن واپس لینے کی صورت میں عدالت الیکشن کمیشن کو ڈائریکشن جاری کرسکتی ہے ، الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد درخواست گزار عدالت سے رجوع کر سکتا ہے۔عدالت نے الیکشن کمیشن کو قانون کے مطابق کارروائی جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئےعمران خان اور فواد چوہدری کے 14 مارچ کے لئے جاری وارنٹ گرفتاری معطل کر دئیے۔

 عدالت نے توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی سے متعلق عمران خان اور فواد چودھری کی درخواستیں زائدالمیعاد قرار دے کر خارج کر دیں، عدالے نے الیکشن کمیشن کو ہدایت کی کہ الیکشن کمیشن اپنے دائرہ اختیار میں رہ کر کارروائی جاری رکھے اور میرٹ پر فیصلہ کرے۔ عدالت الیکشن کمیشن کی کارروائی میں مداخلت نہیں کرے گی۔ الیکشن کمیشن کے فیصلے کو فریقین میں سے کوئی بھی چیلنج کر سکتا ہے،۔لارجر بنچ جسٹس صداقت علی خان ، جسٹس مرزا وقاص رؤف اور جسٹس چوہدری عبدالعزیز پر مشتمل تھا۔

مصنف کے بارے میں