پی ٹی آئی کا توشہ خانہ سے فوجی جرنیلوں اور ججز کو ملنے والے تحائف کی تفصیلات سامنے لانے کا مطالبہ

پی ٹی آئی کا توشہ خانہ سے فوجی جرنیلوں اور ججز کو ملنے والے تحائف کی تفصیلات سامنے لانے کا مطالبہ

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے توشہ خانہ سے فوجی جرنیلوں اور ججز کو ملنے والے تحائف کی تفصیلات سامنے لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر 2002ءسے 2023ءتک کے توشہ خانہ کے 466 صفحات پر مشتمل ریکارڈ کو کابینہ ڈویژن کی آفیشل ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر کے پبلک کیا تھا اور اب فواد چوہدری نے فوجی جرنیلوں اور ججز کو ملنے والے تحائف کی تفصیلات سامنے لانے کا مطالبہ بھی کر دیا ہے۔ 
فواد چوہدری کی جانب سے جاری کئے گئے ایک ویڈیو بیان میں کہا گیا ہے کہ عدالتی کمیشن کے ذریعے حاصل کئے جانے والے تحائف کو گوشواروں میں ظاہر کرنے اور ان پر ٹیکسوں کی ادائیگی کی تحقیقات بھی کی جائیں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ کی فہرست ہمارے سامنے ہے اور ہم دیکھ سکتے ہیں کہ کس طرح نواز شریف خاندان اور زرداری خاندان نے توشہ خانہ کو لوٹا، ریکارڈ پی ٹی آئی کے سیاسی حریفوں کی کرپشن کا “ایک اور ثبوت” ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اور (ان کی اہلیہ) بشریٰ بی بی پر اربوں مالیت کے اشتہارات کے ذریعے حملہ کر رہے ہیں (اب معلوم ہوا کہ) وہ خود قصوروار فریق تھے، ان لوگوں میں اگر کوئی ایسا تھا جس نے تحائف کے حصول کیلئے قانونی راستہ اختیار کیا تو وہ عمران خان تھا۔ 
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے سربراہ اور ان کی اہلیہ نے سب سے کم تحائف حاصل کئے ہیں جبکہ توشہ خانہ کا اصل غلط استعمال یہ تھا کہ نواز شریف اور زرداری نے وہاں سے گاڑیاں کیسے نکالیں، لگژری گاڑیوں کی قیمت ان کی اصل قیمت کے مقابلے میں محض ’چند سکے‘ تھے جو کہ قواعد کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ 

مصنف کے بارے میں