’دھوم تھری ‘کے بعد کترینہ اور عامر ایک بار پھر ساتھ جلوہ گر ہوں گے

’دھوم تھری ‘کے بعد کترینہ اور عامر ایک بار پھر ساتھ جلوہ گر ہوں گے

ممبئی:بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکٹ کے ساتھ ہر ہیروئن کی کام کرنے کی خواہش ہوتی ہے لیکن بہت کم ایسی ہیروئنز ہوتی ہیں جن کے ساتھ عامر خان کی جوڑی مشہور ہوتی ہے ۔ایک بات تو من و عن تسلیم کرنا پڑے گی کہ عامر خان کی فلمیں موضوع کے لحاظ سے  بالی ووڈ کی بہترین فلمیں ہوتی ہیں اور ایسی ہی ایک فلم آرہی ہے ’ٹھگز آف ہندوستان‘ جو برصغیر میں انگریزوں کی تجارت کے موضوع پر مبنی ہے اور اس فلم کے لیے ابھی تک اداکارہ کا انتخاب نہیں ہوا تھا لیکن اب کترینہ کیف اس فلم میں عامر خان کے مد مقابل ہوں گی ۔

اس سے پہلے کترینہ اور عامر نے ایک ساتھ فلم دھوم تھری کی تھی ۔دوسری جانب کترینہ کیف کو فلم ’ساہو‘ کی بھی پیشکش ہوئی ہے جو باہوبالی کے ہیرو کے مد مقابل کردار ہو گا۔واضح رہے کہ اس سے پہلے شردھا کپور کا نام فلم ٹھگز آف ہندوستان  کے لیے خبروں میں تھا۔فلم میں عامر خان کے علاوہ امیتابھ بچن بھی کام کر رہے ہیں  اور یہ پہلی دفعہ ہو گا کہ عامر اور امیتابھ ایک ساتھ فلم کریں گے اس کے علاوہ  دنگل فلم کی فاطمہ شیخ بھی اس فلم میں کردار ادا کریں گی ۔فلم کے ہدایت کار  وجے کرشنا ہیں ۔