عمران خان نے کراچی کی ترقی کیلئے دس نکات پیش کر دیئے

عمران خان نے کراچی کی ترقی کیلئے دس نکات پیش کر دیئے
کیپشن: image by face book

کراچی : تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی اوپر جاتا ہے تو پاکستان اوپر جاتا ہے ، پاکستان کراچی پر انحصار کر رہا ہے  ، نواز شریف اڈیالہ جیل سے تقریر کرتے نظر آ رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کراچی میں الہ دین پارک میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پورا پاکستان کراچی پر انحصار کرتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ اپنی والدہ کے ساتھ ٹیسٹ میچ دیکھنے سٹیڈیم گیا تھا اور اس وقت میں نے اپنی امی کو کہا کہ میں بھی ٹیسٹ کرکٹر بنوں گا اور میں بنا بھی زندگی میں جب بھی کچھ بننے کا سوچا اس کو حاصل کیا۔

عمران خان نے کہا کہ کراچی پاکستان کا سب سے اہم شہر بنے گا ، آج کے جلسے میں دس نکات پیش کرنے جا رہا ہوں ، تمام سیاسی تحریکیں کراچی سے شروع ہوئی تھیں۔

انھوں نے کہا کہ کراچی ترقی کرتا ہے تو پاکستان ترقی کرتا ہے ، پاکستانی پاسپورٹ کی ہر جگہ عزت ہونی چاہئے ، ہمارے وزیراعظم کے امریکی ائیرپورٹ پر کپڑے اتارے گئے۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے لوگوں کی عزت کرانا میری ذمہ داری ہے  ، کرپشن ختم کیئے بغیر ملک میں کوئی فارمولا کامیاب نہیں ہو سکتا ، یورپ میں جو حقوق جانوروں کو حاصل ہیں یہاں انسانوں کو حاصل نہیں ہیں۔

اللہ تعالیٰ نے ہمیں تقدیر بدلنے کا آخری موقع دیا ہے ، سنگاپور کے لیڈر نے کرپشن پر ہاتھ ڈالا تو ادارے مضبوط ہوئے ، جو خود منی لانڈرنگ میں ملوث ہوں وہ کیسے کرپشن روک سکتے ہیں۔

پہلا نقطہ ضلعی انتظامیہ کا نام تبدیل کریں گے ، دوسرا نکتہ سرکاری تعلیمی اداروں کو بہتر کریں گے ۔ تیسرا نکتہ صحت کے نظام میں بہتری لائیں گے اور چوتھا نکتہ یہ ہے کہ پولیس کا نظام ٹھیک کریں گے ۔

پانچواں نکتہ ہے کہ کاروباری نظام کو بہتر کریں گے ، چھٹا نکتہ ہے کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کو ختم کرنے کے ساتھ اس کو مزید سستا کریں گے ، ساتواں نکتہ یہ ہے کہ کراچی میں ہر جگہ کھیل کے میدان بنائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ آٹھواں نکتہ یہ ہے کہ کراچی میں ہر جگہ درخت لگائیں گے جبکہ نواں نکتہ کراچی میں ٹرانسپورٹ میں کے نظام کو بہتری کو قرار دیا گیا اور دسویں نکتے کو کراچی میں بے روزگاری کے خاتمے کیلئے اقدامات قرار دے دیا گیا۔