صحافی سرل المیڈا کو ملتان ایئرپورٹ کے ایپرن تک رسائی دینے کے معاملے بارے اہم انکشافات

صحافی سرل المیڈا کو ملتان ایئرپورٹ کے ایپرن تک رسائی دینے کے معاملے بارے اہم انکشافات
کیپشن: تصویر بشکریہ سکرول ان

لاہور : ڈان لیکس سکینڈل سے شہرت پانے والے صحافی سرل المیڈا کو ملتان ائرپورٹ کے ایپرن تک رسائی دینے کا معاملہ بارے اہم انکشافات سامنے آگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ملتان ائرپورٹ کے منیجر، چیف سکیورٹی آفیسر اے ایس ایف اور ڈیوٹی ٹرمینل منیجر کو اجازت نامے کا مراسلہ بھیجا گیا ، مراسلے میں سرل المیڈا کی ملتان ائرپورٹ آمد بارے آگاہ کیا گیا،سرل المیڈا 11 مئی کو سپیشل طیارے سے ملتان پہنچا اور اسے ملتان ائرپورٹ پر قومی ہیرو یا ملکی وزیر کے برابر پروٹوکول دیا گیا۔

ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا کہ اے ایس ایف کی جانب سے ائرپورٹ پر کام کرنے والی دوسری ایجنسیوں ایف آئی اے اور کسٹم اہلکاروں کو ایپرن تک جانے کی اجازت نہیں جبکہ ایئرپورٹ سکیورٹی فورس نے سرل المیڈا کو ملتان ائرپورٹ کے ایپرن تک بغیر سکیورٹی چیک جانے کی اجازت دی۔

مراسلے میں سرل المیڈا کو ملتان ائر پورٹ پر بغیر سکیورٹی چیک ایپرن تک جانے کی اجازت بارے کہا گیا ۔مراسلہ کیبنٹ سیکرٹریٹ ایوی ایشن ڈویژن کی جانب سے وزیر اعظم کے مشیر برائے ہوا بازی کے سیکشن آفیسر احتشام علی نے جاری کیا۔