ڈبلن ٹیسٹ: قومی کھلاڑیوں نے آئرش بلے بازوں کو قابو کرلیا

ڈبلن ٹیسٹ: قومی کھلاڑیوں نے آئرش بلے بازوں کو قابو کرلیا
کیپشن: فوٹو: انٹرنیٹ

ڈبلن : آئرلینڈ کے خلاف تاریخی ٹیسٹ میں پاکستان نے 9وکٹوں پر 310رنز سکورکرکے اننگز ڈکلیئر کردی، کھانے کے وقفے پر آئر لینڈ کی ٹیم 5رنز پر 3 وکٹیں کھو چکی ہے۔

ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان نے 268رنز 6وکٹوں کے نقصان پر اننگز دوبارہ شروع کی تو شاداب خان 55رنز بنا کر مرتاغ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے ، ری پلیز میں گیند لیگ سٹمپ سے باہر جاتی دکھائی دے رہی تھی، قومی ٹیم کے آل راونڈر فہیم اشرف سنچری کی جانب گامزن تھے جب 83رنز پر سٹورٹ تھامسن کی شاندار گیند نے ان کی اننگز کا اختتام کردیا،محمد عامر بھی 13رنز بنا کر مرتاغ کی گیند پر پوویلین لوٹ گئے 310کے سکور پر پاکستان نے اننگز ڈکلیئر کردی، آئرش ٹیم کا آغاز اچھا نہیں رہا اور محمد عباس نے پہلے ایڈ جوائس کو 4رنز پر ایل بی ڈبلیو کیا اور پھر بالبرائن کو بھی کسی سکور کے بغیر اسی طریقے سے پوویلین بھیجا، محمد عامر نے اگلے اوور میں آئرش کپتان ولیم پورٹ فیلڈ کو بولڈ کرکے پاکستان کو تیسری کامیابی دلائی اوراسی وقت کھانے کا وقفہ ہوگیا۔

پاکستان کی جانب سے اظہر علی اور امام الحق نے اننگ کا آغاز کیا لیکن 13 کے مجموعی سکور پر اظہر علی 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے امام الحق بھی ون ڈے ڈیبیو کی طرح بڑی اننگ کھیلنے میں ناکام رہے اور 13 ہی کے مجموعی سکور پر 7 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔دونوں ابتدائی بلے بازوں کے جلد آو¿ٹ ہونے کے بعد حارث سہیل اور اسد شفیق نے محتاط انداز سے ٹیم کا سکور آگے بڑھایا لیکن کھانے کے وقفے کے بعد جلد ہی حارث سہیل 31 کے انفرادی سکور پر ہمت ہار گئے۔

بابر اعظم بھی 14 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جب کہ اسد شفیق اپنی 19 ویں ٹیسٹ نصف سنچری بنانے کے بعد 62 رنز بنا کر آو¿ٹ ہوئے۔قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد بھی باہر جاتی گیند کو کھیلنے کی کوشش میں سلپ میں کیچ آوٹ ہو گئے، انہوں نے 20 رنز کی اننگز کھیلی۔شاداب خان اور فہیم اشرف نے چائے کے وقفے تک آئرش باولرز کو مزید کوئی وکٹ لینے نہ دی ، شاداب خان اور فہیم اشرف نے ساتویں وکٹ کیلئے 109رنز کا اضافہ کیا تھا جب خراب روشنی کے باعث کھیل روک دیا گیا ، شاداب52اور فہیم61رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔