نواز شریف کا انٹرویو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ، شہباز شریف

نواز شریف کا انٹرویو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ، شہباز شریف
کیپشن: فوٹو: سکرین شاٹ

میرپورخاص: مسلم لیگ(ن) کے صدر اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ ممبئی حملوں سے متعلق نوازشریف کا انٹرویو توڑ مروڑ کرپیش کیا گیا اور کیا نوازشریف کبھی اس طرح کی بات کرسکتے ہیں؟

میر پور خاص عوامی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اللہ نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا ہے۔ بھارت نے پاکستان کومیلی آنکھ سے دیکھا تو فوج، عوام اسکی آنکھیں نوچ لیں گے۔ مجھے بتاو! نوازشریف اسطرح کی بات کرسکتے ہیں۔ ایک اخبار نے نوازشریف کے بیان کو کل توڑ مروڑکرپیش کیا۔ اخبار میں کہا گیا کہ نوازشریف نے کہا پاکستان سے عسکریت پسند بھارت حملہ کرنے گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ میں پنجاب کا خادم اعلیٰ ہوں لیکن پہلے پاکستانی اور پھر سب کا چاہنے والا ہوں، سب صوبے خوشحال ہوں گے تو پاکستان خوشحال ہوگا، یہ بالکل جھوٹ اور غلط بیانی ہے کہ پنجاب کے سوا دوسرے صوبوں کو پانی نہیں ملتا، چاروں صوبوں کو ان کے حق کے مطابق پانی مل رہا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ آصف زرداری 10 سال سے سندھ میں حکومت کررہے ہیں کیا انہوں نے کاشت کاروں کو سہولیات دیں یا دانش اسکول طرز کے تعلیمی ادارے بنائے؟ ہم نے پنجاب میں بلاسود قرضے دیے اور سستی کھاد دی لیکن سندھ میں گنے کے کاشت کار مارے مارے پھرتے رہے۔

واضح رہے نواز شریف نے گزشتہ روز انگریزی قومی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے عسکریت پسندوں نے ہندوستان میں جاکر ممبئی حملے کیے۔جس میں 150 لوگ ہلاک ہوئے۔ انہوں نے تشویش کا اظہار کیا کہ ابھی تک عدالتوں میں انکوائری چل ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے معاملات کو ٹھیک کرنے کیلئے ایک حکومت کا ہونا ضروری ہے۔ اس وقت تین متوازی حکومتیں کام کررہی ہیں۔ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے بیان پر حکومت کی مخالف سیاسی جماعتوں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

۔