نیب نے نواز شریف کو 20 مئی کو طلب کرلیا

نیب نے نواز شریف کو 20 مئی کو طلب کرلیا
کیپشن: فوٹو: فائل

لاہور: اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے پر نیب لاہور نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو سڑک 20 مئی کو طلب کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیب نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو اپنی رہائش گاہ جاتی امرا تک سڑک کی غیر قانونی تعمیر اور خرد برد کے الزام میں 20 مئی کو طلب کرلیا ہے۔ نیب کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ نوازشریف نے مبینہ طور پر 1998 میں اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے اسکول اور ڈسپنسری کا بجٹ استعمال کرکے اپنی رہائش گاہ جاتی امرا تک سڑک تعمیر کرائی اور ان کے حکم پرسڑک کی چوڑائی 20 فٹ سے بڑھا کر 24 فٹ کی گئی جس سے لاگت بڑھ گئی۔

نوازشریف کے حکم سے ضلع کونسل کے بہت سے عوامی منصوبے بند کرنے پڑے، جس سے عوام کا نقصان ہوا جب کہ 17 اپریل 2000 میں کی گئی تفتیش میں انکشاف ہوا تھا کہ منصوبے میں 12 کروڑ 56 لاکھ روپے سے زائد رقم کی کرپشن بھی کی گئی۔

نوٹس میں مزید کہا گیا کہ سابق وزیراعظم کو اس سے قبل بھی 2 بار طلب کیا جاچکا ہے تاہم نوازشریف گزشتہ طلبی پر لندن میں اپنی اہلیہ کی عیادت میں مصروف ہونے کے باعث پیش نہیں ہوئے تھے۔