جو بھی ظلم کرے گا ہم اس کے خلاف کھڑے ہوجائیں گے ، سراج الحق

جو بھی ظلم کرے گا ہم اس کے خلاف کھڑے ہوجائیں گے ، سراج الحق

لاہور: امیر جماعت اسلامی اور متحدہ مجلس عمل کے مرکزی نائب صدر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جو بھی ظلم کرے گا ہم اس کے خلاف کھڑے ہوجائیں گے، جس سیاست کامقصد بینک اکاونٹ میں اضافہ ہومیں اس پرلعنت بھیجتاہوں۔

مینار پاکستان میں متحدہ مجلس عمل کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ یہ ظالم یہاں کماکر باہر پیسا بھیجتے ہیں,دبئی میں کرپٹ اشرافیہ نے اربوں کی پراپرٹی خریدی، کرپٹ حکمران یہاں سے سرمایہ لوٹ کرباہر بھیجتے ہیں، پاکستانی بیرون ملک سے20ارب ڈالرملک بھیجتے ہیں, مجلس عمل کے قافلے میں کوئی پانامہ زدہ، قرض مافیا ، لینڈ مافیا اور شوگر مافیا کا نمائندہ نہیں ہے ،جو اس قافلے سے ٹکرائے گا اس کی سیاست پاش پاش ہوجائے گی،ہم بیت المقدس میں امریکی سفارت خانے کے قیام کے امریکی فیصلے کی مذمت کرتے ہیں، اگر پاکستان میں اسلامی حکومت ہوتی تو گیدڑوں کی طرح ڈر کر خاموش نہ رہتی،اِنھوں نے کشمیری بچی آصفہ بی بی کی عصمت دری اور قتل پر بھی آواز نہ اٹھائی۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام اور متحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ وہ ملک میں اسلامی نظام لا کر ہی دم لیں گے ،مغربی تہذیب کی یلغار نے ہم سے ہماری آزادی چھین لی ہے جس کے لیے ہمارے آباو اجداد نے قربانیاں دی ہیں، انگریز کی غلامی سے نجات ہی صرف آزادی نہیں بلکہ عالمی اداروں کے ذریعے ہماری آزادی کو سلب کرنے کی سازشیں جاری ہیں۔

فضل الرحمن نے کہا کہ آج امت مسلمہ کو تقسیم کرنے کی سازشیں، امریکہ اور مغربی دنیا کر رہے ہیں جو انسان حقوق کا نام بھی لیتے ہیں اور خود ہی اس کی پامالی کرتے ہیں،مخلوط نظام تعلیم اسلامی معاشرے کے لیے ناقابل قبول تصور ہے، ہم خواتین کے لیے الگ تعلیمی ادارے اور کھیل کے میدان بنائیں گے۔