انڈونیشیا میں سماجی دوری کی خلاف ورزی پر ٹوائلٹ صاف کرنے کی سزا کا اعلان

انڈونیشیا میں سماجی دوری کی خلاف ورزی پر ٹوائلٹ صاف کرنے کی سزا کا اعلان

جکارتا:انڈونیشیا میں حکام نے کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے وضع کردہ طریقہ کار کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سماجی نوعیت کی سزا دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سماجی فاصلے کے اصول کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کو ٹوائلٹ صاف کرنے کی سزا دی جائے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال یہ سزا جکارتہ تک محدود ہے۔

شہر میں سماجی دوری کے قاعدے کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو بیت الخلا صاف کرنا ہوں گے۔یہ سزا پابندیوں کی ایک سیریز میں سے ایک ہے جس کا مقصد انڈونیشیا کے دارالحکومت میں کرونا وائرس کے پھیلا کو روکنا ہے۔

خیال رہے کہ جکارتا جنوب مشرقی ایشیا کے سب سے بڑے شہروں میں سے ایک ہے۔حکومت کا کہنا ہے کہ جو لوگ ماسک کے بغیر سڑکوں پرنکلیں گے انہیں اڑھائی ہزار روپییا 17 ڈالر جرمانہ کیا جائے گا۔ سماجی دوری کا خیال نہ رکھنے والے افراد کو عمارتوں میں صفائی بالخصوص ٹوائلٹ صاف کرنے کی سزا دی جائیگی۔

نیز وہ کمپنیاں جو بندش کے احکامات کو نظرانداز کرتی ہیں یا صحت عامہ کے قواعد کی خلاف ورزی کرتی ہیں انھیں حال ہی میں اعلان کردہ قواعد کے مطابق 50 ملین روپیہ(  3400 ڈالر)جرمانہ کی شکل میں ادا کرنا ہوگا۔گذشتہ ماہ انڈونیشی حکام نے جکارتا کرونا کے بڑھتے خطرات کے پیش نظر جزوی لاک ڈائون کیا تھا۔

انڈونیشیا  کے دوسرے شہروں میں بھی لاک ڈائون اور پابندیاں عاید کی گئی ہیں مگر ان کی خلاف ورزی کی شکایت بھی عام ہے۔ گذشتہ روز انڈونیشیا میں کرونا وبا کے ہونیوالی اموات کی کل تعداد1007 اموات اور متاثرین کی 14،479 تک پہنچ گئی تھی.