ہائیڈروکسی کلوروکوئن اور زنک سلفیٹ کا مرکب کورونا کے علاج کیلئے مثبت ثابت ہوسکتا ہے ، نئی تحقیق

ہائیڈروکسی کلوروکوئن اور زنک سلفیٹ کا مرکب کورونا کے علاج کیلئے مثبت ثابت ہوسکتا ہے ، نئی تحقیق

نیویارک :ماہرین نے کہاہے کہ ملیریا کی دوا ہائیڈروکسی کلوروکوئن کو غذائی سپلیمنٹ زنک سلفیٹ کے ساتھ ملانے سے زیادہ موثر نتائج سامنے آسکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے علاج کےلئے دنیا بھر سے متعدد تحقیقات سامنے آرہی ہیں، ان تحقیقات میں ملیریا کی دوا ہائیڈروکسی کلوروکوئن کے کووڈ-19کے خلاف مثبت نتائج بھی سامنے آئے تھے۔

حال ہی میں محققین کی جانب سے ایک مطالعہ کیا گیا ہے جس کے مطابق ملیریا کی دوا ہائیڈروکسی کلوروکوئن کو غذائی سپلیمنٹ زنک سلفیٹ کے ساتھ ملانے سے زیادہ موثر نتائج سامنے آسکتے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا کے این وائی یو گراس مین اسکول آف میڈیسن کی جانب سے حال ہی میں ایک مطالعہ کیا گیا ہے جسے میڈیکل پریپرینٹ سائٹ پر پوسٹ کیا گیا ہے۔

اس مطالعے میں 900 کے قریب کووڈ-19 کے مریضوں کے ریکارڈ کا جائزہ لیا گیا ہے جن میں سے نصف کو ہائیڈروکسی کلوروکوئن اور اینٹی بائیوٹک ایزیتھرومائسن کے ساتھ زنک سلفیٹ دیا گیا تھا۔

دوسری جانب باقی نصف مریضوں کو صرف ہائیڈروکسی کلوروکوئن اور ایزیتھرومائسن دی گئی تھی۔محققین نے مطالعے کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا کہ تینوں دواﺅں کا مرکب لینے والوں میں ہسپتال سے ڈسچارج ہونے کے ڈیڑھ گنا زیادہ امکانات ہوتے ہیں اور ان کی موت کے امکانات بھی 44 فیصد کم تھے۔

اس حوالے سے سینئر محقق اور متعدی امراض کے ماہر جوزف رحیمیان کا کہنا تھا کہ یہ دونوں مرکب کا موازنہ کرنے والا پہلا مطالعہ ہے۔جوزف رحیمیان نے متنبہ کیا کہ فوائد کو بلا شبہ ثابت کرنے کے لیے ایک کنٹرول تجربہ کرنے کی ضرورت ہوگی۔