مسلم لیگ ق کا وزیراعظم سے نیب معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ

مسلم لیگ ق کا وزیراعظم سے نیب معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ

اسلام آباد: حکومت کی اہم اتحادی جماعت پاکستان مسلم لیگ ق نے وزیراعظم عمران خان سے پارٹی رہنماوں کے خلاف نیب کیسزدوبارہ کھلوانے پر تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔

وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے وزیراعظم سے ملاقات کی اور انہیں پاکستان مسلم لیگ کے تحفظات سے  آگاہ کردیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق طارق بشیر چیمہ نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ وہ تحقیقات کا حکم دیں کہ بیس سال پرانے کیسز کس کے کہنے پر کھولے گئے۔ ملاقات کے بعد ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ وزیراعظم کو مسلم لیگ ق کے تحفظات سے آگاہ کردیا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ انہوں نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا ہے وہ تحقیقات کرائیں کہ آیا چیئرمین نیب نے خو د سے اقدام اٹھایا یا کسی کے کہنے پر کیا۔

طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے یقین دلایا ہے کہ معاملے کی چھان بین کروا کے آپ سے دوبارہ رابطہ کروں گا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ ہمیں بتایا جائے کہ بار بار پرانے کیسوں کو کس لیے کھولاجاتاہے۔