سندھ حکومت کا صوبے میں ریسکیو 1122 شروع کرنے کا فیصلہ

سندھ حکومت کا صوبے میں ریسکیو 1122 شروع کرنے کا فیصلہ

کراچی: سندھ حکومت نے صوبے میں ریسکیو 1122 شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کا آغاز 30 مئی سے ہو گا اور شہر قائد میں عوام کو ریسکیو 1122 ایمبولینس سروس فراہم کر دی جائے گی۔ 
تفصیلات کے مطابق کراچی میں چیف سیکرٹری سندھ کی زیر صدارت ریسکیو 1122 سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاءکو بتایا گیا کہ لاڑکانہ میں ٹراما سینٹر اور ریسکیو 1122 سروس 30 مئی تک شروع کی جائے گی۔ 
ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ریسکیو 1122 کے تحت کراچی میں 50 ایمبولینسز سے سروس کا آغاز کیا جائے گا، انفراسٹرکچر کی بحالی، ٹرانسپورٹ کی فراہمی کے بعد ریسکیو 1122 بھی شروع کر رہے ہیں۔
اس موقع پر چیف سیکرٹری سندھ نے کہا کہ صوبے کے دیگر ڈویژنز اور اضلاع میں بھی ریسکیو 1122 شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انڈس ہائی وے اور موٹر وے پر ہر 50 کلو میٹر پر ایمبولینس، فائر بریگیڈ سٹیشن بنائے جائیں گے جبکہ کراچی میں ہر 10 کلومیٹر پر کوئیک ریسپانس سینٹر بنایا جائے گا۔

مصنف کے بارے میں