میری شکست کا ذمہ دار ایف بی آئی کا ڈائریکٹر جیمز کومی ہے: ہلیری کلنٹن

میری شکست کا ذمہ دار ایف بی آئی کا ڈائریکٹر جیمز کومی ہے: ہلیری کلنٹن

واشنگٹن :ہلیری کلنٹن نے ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کی مداخلت کو اپنی شکست کا ذمہ دار قرار دے دیا ۔


انھوں نے کہا کہ انتخابات سے صرف دو ہفتے قبل جیمز کومی کی جانب سے ان کے بطور وزیرِ خارجہ ای میل کے استعمال کے بارے میں تحقیقات کھولنے کے اعلان نے ان کی مہم کو متاثر کیا۔ ہلیری کلنٹن اپنی جماعت کے عطیہ کنندگان سے فون پر گفتگو کر رہی تھیں جو میڈیا پر افشا کر دی گئی۔

 واضح رہے کہ 28 اکتوبر کو جیمز کومی نے کانگریس کو خط لکھ کر مطلع کیا تھا کہ وہ کلنٹن کی ای میلز کے بارے میں اس تفتیش کا ازسرِ نو آغاز کر رہے ہیں جو جولائی میں ختم کر دی گئی تھی۔

اس کے بعد انتخابات سے صرف دو روز قبل انھوں نے ایک اور خط میں کہا کہ وہ اپنے ابتدائی جائزے پر قائم ہیں کہ کلنٹن کے خلاف فردِ جرم عائد نہیں کی جائے گی۔

کلنٹن نے عطیہ کنندگان سے کہا کہ 'انتخابات میں ناکامی کی بہت سے وجوہات ہیں، لیکن ہمارا تجزیہ یہ ہے کہ کومی کے خط نے، جس میں بےبنیاد شکوک اٹھائے گئے تھے، ہمارا تحرک ختم کر دیا۔ ہم گر گئے اور اس کے بعد ہمیں سخت جدوجہد کرنا پڑی۔'

امریکی میڈیا کے مطابق انھوں نے یہ بھی کہا کہ کومی کے دوسرے خط نے ٹرمپ کے حامیوں کو مزید توانائی دے دی۔

کلنٹن 2009 سے 2013 تک صدر اوباما کی انتظامیہ میں وزیرِ خارجہ کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکی ہیں۔ وہ بدھ کو امریکی صدارتی انتخابات میں اپنی شکست کے بعد سے پس منظر میں ہیں۔