ڈاکٹر عاصم کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے سپریم کورٹ کا نیب کو نوٹس

ڈاکٹر عاصم کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے سپریم کورٹ کا نیب کو نوٹس

اسلام آباد: ڈاکٹر عاصم کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لئے سپریم کورٹ نے نیب کو نوٹس جاری کردیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں ڈاکٹر عاصم حسین کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ جسٹس مشیرعالم کی سربراہی میں سپریم کورٹ کےدو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی ۔

اس موقع پر سابق مشیر پیٹرولیم کے وکیل لطیف کھوسہ نے دلائل میں کہا کہ عدالت کے حکم پر ڈاکٹر عاصم کو بیرون ملک جانے کی اجازت ملی اور انہوں نےعدالت کے ایک ماہ میں واپس آنےکے حکم پر عمل کیا ،عدالت نے صحت یابی کی صورت میں نام دوبارہ ای سی ایل میں شامل کرنے کا اختیار دیا تھا تاہم ڈاکٹر عاصم کا علاج ابھی مکمل نہیں ہوا ہے۔

لطیف  کھوسہ نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم بیرون کی ملک علاج کے لئے اکیس نومبرکو روانگی متوقع ہے اس لیے نیب کو ان کا نام ای سی ایل سےنکالنے کا حکم دیا جائے، جس پر عدالت نے نیب سے سولہ نومبر تک جواب طلب کرتے ہوئے سماعت جمعرات تک ملتوی کردی ہے ۔

یاد رہے کہ رواں سال انتیس مارچ کو سندھ ہائی کورٹ نے طبی بنیادوں پر ڈاکٹرعاصم حسین کے خلاف چار سو بہتر ارب روپے کی کرپشن کے دو مقدمات میں 25،25 لاکھ روپے کے دو ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی تھی