فیصل آباد:صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ خاں نے کہا ہے کہ ختم نبوت کا عقیدہ ہمارے ایمان کا بنیادی جزو ہے اور ختم نبوت پر ایمان نہ رکھنے والا دائرہ اسلام سے خارج ہے ۔
سمندری روڈ پر ایک عرس سے خطاب کرتے ہوئے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حلف نامے میں اس حوالے سے بعض تبدیلیوں کی نشاندہی کے بعد فوری ایکشن لیا گیا اور عقیدہ ختم نبوت کے بارے میں حلف نامہ اسی حالت میں بحال کیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر بعض بیانات یا تصاویر توڑ مروڑکرکے پیش کی جاتی ہیں جس سے گریز کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات اگست 2018 ء میں ہونگے اور پاکستان مسلم ( ن ) عوامی خدمت اور کارکردگی کی بنا پر ان انتخابات میں فتح حاصل کرے گی۔ عوام لاک ڈائون ‘ دھرنا اور منفی سیاست کرنے والوں کو بخوبی جان چکے ہیں اور افراتفری اور انارکی پھیلانے والے آئندہ انتخابات میں بھی تنہا ہونگے ۔
صوبائی وزیر قانون نے مزید کہا کہ بزرگان دین اور ولی کاملین کی خانقاہیں علم و عرفان اور روحانیت کا سرچشمہ ہیں جہاں سے پیارومحبت‘امن وصلح اور خیر خواہی کا درس ملتا ہے اور حکومت پنجاب مزارات پر زیارت کے لئے آنے والے عقیدت مندوں کو محفوظ اور خوشگوار ماحول کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔