سعودی عرب میں پاکستانیوں کی تنخواہ کا مسئلہ حل ہو گیا

سعودی عرب میں پاکستانیوں کی تنخواہ کا مسئلہ حل ہو گیا
کیپشن: سینکڑوں پاکستانی ورکرز کو گزشتہ 10 ماہ سے تنخواہیں نہیں ملیں تھیں۔۔۔۔۔فائل فوٹو

پاکستانی سفارت خانے کی کوششوں سے سعودی عرب میں ہم وطنوں کی تنخواہ کا مسئلہ حل ہوگیا۔سعودی عرب میں درجنوں کمپنیاں اقتصادی مسائل سے دوچار ہیں۔ سینکڑوں پاکستانی ورکرز کو گزشتہ 10 ماہ سے تنخواہیں نہیں ملیں تاہم پاکستانی سفارت خانے کی کوششوں سے مسئلہ حل کر لیا گیا۔

آرامکو کے بڑے تعمیراتی منصوبے پر کام کرنے والے پاکستان، بھارت، بنگلا دیش، فلپائن اور دیگر ممالک کے ہزاروں ورکرز نے احتجاجاً کام بند کر دیا تھا۔

سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق نے کمیونٹی و لیبر اتاشی محمود لطیف کو اپنی ٹیم کے ساتھ کیمپس کے دورے کی ہدایت کی جن میں 2600 پاکستانی مشکلات سے دوچار تھے۔

ویلفیئر اتاشی محمود لطیف نے بتایا ہے کہ کمپنی مینجمنٹ اور مقامی وزارت محنت آفیسروں سے ملاقات کے بعد مسئلہ حل کر لیا گیا ہے۔ اب پاکستانی محنت کش معمول کے مطابق اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔

مالکان کی جانب سے وقت پر تنخواہوں کی ادائیگی بھی شروع ہو گئی ہے۔ اس اقدام پر کمپنی مینجمنٹ نے سفارت خانہ پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔