ایف بی آرکا اعظم سواتی کیخلاف جے آئی ٹی کو معلومات فراہم کرنے سے انکار

ایف بی آرکا اعظم سواتی کیخلاف جے آئی ٹی کو معلومات فراہم کرنے سے انکار
سپریم کورٹ کی ہدایات و احکامات کے بغیر معلومات فراہم نہیں کر سکتے، ایف بی آر۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: ایف بی آر نے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے خلاف تحقیقات کیلئے قائم کردہ جے آئی ٹی کو معلومات فراہم کرنے سے انکار کر دیا۔ایف بی آرنے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اعظم سواتی کے خلاف تحقیقات کیلئے قائم کردہ جے آئی ٹی کو معلومات فراہم کرنے سے انکارکرتے ہوئے قانونی رائے کیلئے ریفرنس تیار کر کے لاء ڈویژن کو بھجوا دیا۔


ایف بی آر کے جواب کے مطابق انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کی سیکشن 216 کے تحت ٹیکس دہندگان کی معلومات خفیہ رکھنے کا پابند ہے۔ خلاف ورزی کے مرتکب افسر کو جرمانہ و قید کی سزائیں دی جا سکتی ہیں۔

اعظم سواتی کے معاملہ میں قائم کی جانے والی جے آئی ٹی کی قانونی پوزیشن سابق وزیراعظم نواز شریف کیس میں قائم کی جانے والی جے آئی ٹی سے مختلف ہے۔ نواز شریف کیس میں قائم کی جانے والی جے آئی کو نیب، اینٹی منی لانڈرنگ اور ایف آئی اے سمیت دیگر متعلقہ قوانین کے تمام اختیارات دیے گئے تھے۔

ایف بی آرکا کہنا تھا کہ اعظم سواتی والے معاملہ میں قائم جے آئی ٹی بارے سْپریم کورٹ کی جانب سے اس قسم کے کوئی اختیارات نہیں دیے گئے ہیں۔ ایف بی آر سپریم کورٹ کی ہدایات و احکامات کے بغیر معلومات فراہم نہیں کر سکتا ہے۔

دوسری جانب معلومات کی فراہمی سے انکار پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ میر واعظ نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سپریم کورٹ آف پاکستان اور چیئرمین ایف بی آر کو خط لکھ دیا جس میں شکایت کی گئی کہ اعظم سواتی کے بارے میں معلومات کی فراہمی سے انکار کر کے جے آئی ٹی کی تحقیقات میں رکاوٹ ڈالی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ جے آئی ٹی کے سربراہ میر واعظ نے ایف بی آر سے اعظم سواتی کے انکم ٹیکس گوشواروں اور ویلتھ اسٹیٹمنٹ کی تفصیلات مانگی تھیں۔