کیلیفورنیا میں آتشزدگی، ہلاکتوں کی تعداد 42 ہو گئیں

کیلیفورنیا میں آتشزدگی، ہلاکتوں کی تعداد 42 ہو گئیں
کیپشن: کیمپ فائر کی آگ ایک لاکھ 17 ہزار ایکڑ تک پھیلی ہوئی ہے، حکام۔۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ اے ایف پی

کیلی فورنیا: امریکی ریاست کیلی فورنیا میں جنگلات کی آگ  نےکئی گھروں کو جلا کر خاک کر دیا اور اب تک ہلاکتوں کی تعداد 42 تک پہنچ گئی جب کہ 100 سے زائد افراد لاپتہ ہیں۔

کیلیفورنیا میں تین مقامات پر جنگلات میں لگنے والی خوفناک آگ تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے جس نے شہری آبادی کو بھی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ تیز ہواؤں کے باعث فائر فائٹنگ عملے کو آگ بجھانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

ریسکیو عملے کو شمالی علاقے سے گزشتہ روز 6 اور آج مزید 13 افراد کی لاشیں مل گئیں جس کے بعد ریاست بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 42 ہو گئی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ کیمپ فائر کی آگ ایک لاکھ 17 ہزار ایکڑ تک پھیلی ہوئی ہے جس کی لپیٹ میں آ کر 7 ہزار عمارتیں اور مکانات تباہ ہو گئے ہیں۔

کیمپ فائر کو ریاست کی تاریخ کی بدترین آگ قرار دیا جا رہا ہے جب کہ آگ لگنے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات بھی جاری ہے۔

کیلیفورنیا کے محکمہ جنگلات و فائر پروٹیکشن کے مطابق جمعرات 8 نومبر کو پیراڈائز ٹاؤن میں لگنے والی آگ نے اب تک ایک لاکھ 9 ہزار ایکڑ سے زائد علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور 6 ہزار 400 سے زائد رہائشیوں کی املاک کو نقصان پہنچا۔