شاہ محمود قریشی سے ڈاکٹرفوزیہ صدیقی کی ملاقات، ڈاکٹر عافیہ کی پاکستان منتقلی پر بات چیت

شاہ محمود قریشی سے ڈاکٹرفوزیہ صدیقی کی ملاقات، ڈاکٹر عافیہ کی پاکستان منتقلی پر بات چیت
کیپشن: فوٹو فائل

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے امریکا میں قید ڈاکٹر عافیہ کی بہن ڈاکٹر فوزیہ نے ملاقات کی۔

 
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے دفتر خارجہ میں ملاقات ہوئی جس میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی پاکستان منتقلی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیرخارجہ نے فوزیہ صدیقی کو عافیہ صدیقی کیس میں حکومت کی کاوشوں سے آگاہ کیا اور اس دوران ان کی پاکستان منتقلی کے آپشن پر بات چیت ہوئی۔

اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہاکہ عافیہ صدیقی کی صحت کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے قونصلر وزٹس کی ہدایت کی ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ عافیہ صدیقی کے انسانی وقانونی حقوق کے تحفظ کیلئےبھی پاکستانی قونصلیٹ کو ہدایت کردی ہے۔

واضح رہےکہ امریکا میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی نے وزیراعظم عمران خان کے نام ایک خط لکھا ہے جس میں انہوں نے اپنی رہائی کی اپیل کی ہے۔اس کے علاوہ پاکستان نے امریکی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز کے دورہ پاکستان میں بھی عافیہ صدیقی کا معاملہ اٹھایا اور کہا کہ عافیہ صدیقی سے متعلق تمام تر بنیادی انسانی حقوق کو مدنظر رکھا جائے۔