بارش کا نیا سسٹم بیشتر علاقوں پر آج سے ہفتہ تک اثر انداز ہوگا

بارش کا نیا سسٹم بیشتر علاقوں پر آج سے ہفتہ تک اثر انداز ہوگا
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: ایران سے داخل ہونے والا مغربی ہواؤں کا ایک گہرا سلسلہ شمال مغربی بلوچستان میں موجود ہے، بارش کا یہ نیا سسٹم ملک کے بیشتر علاقوں پر آج سے ہفتہ کے دوران اثر انداز ہوگا۔

محکمہ موسمیات نے بارش کے نئے سسٹم کے تحت کراچی میں 15 نومبر کو موسم سرما کی پہلی بارش کی نوید سنائی ہے۔ آئندہ 24 گھنٹے کے دوران سندھ میں سکھر، لاڑکانہ، میر پور خاص اور تھر پارکر کے اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

جنوبی پنجاب میں رحیم یار خان، بہاولپور اور راجن پور میں بادل برسیں گے، کوئٹہ سمیت بلوچستان، بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری ہوگی۔

گذشتہ روز سب سے کم درجہ حرارات استور میں 03-، گوپس 02-، ہنزہ 01- اور کالام میں 0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔