لیگی قیادت نواز شریف کی صحت کو سیاسی مسئلہ نہ بنائے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

لیگی قیادت نواز شریف کی صحت کو سیاسی مسئلہ نہ بنائے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی
کیپشن: Image Source: File Photo

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ لیگی قیادت نواز شریف کی صحت کو سیاسی مسئلہ نہ بنائیں، درمیانی اور معقول راستہ اختیار کرنا چاہیے۔


تفصیلات کے مطابق ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے بیرون ملک علاج کے معاملے پر حکومتی شرائط پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ قانونی نقطہ کو سامنے رکھتے ہوئے کیا گیا۔ نواز شریف ایک کیس میں سزا یافتہ ہیں۔ کسی سزا یافتہ شخصیت کے باہر جانے کی نظیر نہیں ملتی۔

وزیر خارجہ نے کہا  کہ حکومت کی طرف سے بیرون ملک علاج میں کوئی بندش نہیں ہے۔ ن لیگی قیادت نواز شریف کی صحت کو سیاسی مسئلہ نہ بنائیں۔ مفصل جائزہ لینے کے بعد وزرا نے رائے دی۔ دیکھنا پڑتا ہے کہ کہاں گنجائش ہے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا  کہ اس مسئلہ کو طول دینا مقصد نہیں ہے۔ دعاگو ہیں اللہ نواز شریف کو شفا عطا فرمائے۔ ن لیگی قیادت کو درمیانی اور معقول راستہ اختیار کرنا چاہیے، اسے انا کا مسئلہ نہیں بنانا چاہیے۔ ایسے رویے سے لگتا ہے کہ جیسے انہوں نے واپس نہیں آنا۔

انہوں نے کہا کہ ہم سیاست نہیں کر رہے، قانونی پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے راستہ نکالا گیا۔ نواز شریف کے پاس اتنے اثاثے موجود ہیں، وہ صاحب ثروت ہیں۔ کل ہم سے سوال کئے جا سکتے ہیں۔ اگر انہیں فیصلہ قبول نہیں تو عدالت میں چیلنج کریں۔