حکومت نے الیکٹرک گاڑیوں کی پالیسی متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا

The government decided to introduce a policy on electronic vehicles
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: حکومت نے آلودگی کے عفریت سے جان چھڑانے کیلئے ایک قدم اور آگے بڑھتے ہوئے ملک میں الیکٹرک گاڑیاں چلانے کا پروگرام بنا لیا ہے، اس سلسلے میں جلد نئی پالیسی کا اعلان کر دیا جائے گا۔

یہ بات وفاقی وزیر حماد اظہر کی جانب سے جاری بیان میں کہی گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ الیکٹرک گاڑیوں کیلئے نئی پالیسی جلد ہی جاری کر دی جائے گی، اس پر پوری تندہی سے کام جاری ہے۔ یہ اقدام ہمارے مستقبل کیلئے فائدہ مند ہوگا۔ اس پالیسی سے ناصرف آٹوموبائل شعبے پر توجہ دی جا سکے گی بلکہ ہمیں درپیش چینلجز سے نمٹنے کا موقع بھی فراہم کرے گی۔

خیال رہے کہ تحریک انصاف کی حکومت جانب سے ملک بھر میں آلودگی کے خاتمے کیلئے متبادل ذرائع توانائی کے حصول پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں اربوں درخت لگانے کا اقدام سب کے سامنے ہے۔ اس کے علاوہ ملک کے بڑے شہروں میں عوام کو سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے الیکٹرک بسیں چلانے کی منظوری دی جا چکی ہے، اس کے علاوہ اسلام آباد سے مری الیکٹرک ٹرین چلانے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔

وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری نے گزشتہ روز ایک بیان میں عوام کو خشخبری دی تھی کہ رواں سال کے اختتام سے پہلے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی سڑکوں پر الیکٹرک بسیں دوڑنا شروع ہو جائیں گی۔ شروعات میں ان کی تعداد 38 رکھی گئی ہے جسے بعد ازاں بتدریج بڑھایا جائے گا۔ اس منصوبے سے پاکستان میں اربوں ڈالر کی انوسٹمنٹ ہوگی۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور 103 کلومیٹر طویل روٹس پر الیکٹرک بسیں چلانے کی بھی منظوری دیدی ہے۔ گزشتہ دنوں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس کیلئے تمام کام فوری طور پر مکمل کیا جائے۔ الیکٹرانک بسیں چلنے سے شہر میں سموگ اور آلودگی کے بڑھتے ہوئے خطرات کو قابو پانے میں مدد ملے گی۔